کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری لالا روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو ملک کو اس سنگین صورتحال سے نکال سکتی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور کارکن صوبے بھر میں پارٹی کی فعالیت میں اپنا کردارادا کریں آنے والے انتخابات میں پارٹی حصہ لیکر بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کے صوبائی عہدیداروں صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، سبی ڈویژن کے صدر میر موسم خان بگٹی، کوئٹہ ڈویژن کے سنیئر نائب صدر جبار خلجی، پیپلز خواتین ونگ بلوچستان کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سکینہ عبداللہ خان، لیبر بیورو کے نائب صدر اختر بلوچ، پیپلز یوتھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اسماعیل حقیار، کوئٹہ سٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر ظفر خان، جہانزیب خان کاکڑ، عصمت اللہ کاکڑ، ندا محمد،،ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ روزی خان کاکڑ نے کہا کہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کو جب اقتدار ملا تو ایک طرف سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بدترین دہشت گردی کا شکار تھا دوسری طرف نواب اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد بلوچستان میں بغاوت برپا ہوچکی تھی اور باقاعدہ مسلح کارروائی زوروں پر تھی،تباہ معیشت، ملک میں بجلی بحران، خارجی اور داخلی محاذ پر سنگین صورتحال کمزور عددی حیثیت کی وجہ سے مخلوط حکومت میں اتحادیوں کی روز روز مشکلات کے باوجود صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے صوبائی خود مختاری کیلئے 18ویں ترمیم، پشتونوں کے دیرینہ مطالبے پر صوبے کے نام کی تبدیلی، بلوچوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے آغازحقوق بلوچستان پیکیج، سی پیک کی بنیاد، پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاہدہ، قبائلی علاقوں کو قومی دائرے میں شامل کرنے کیلئے اصلاحات کا آغاز، ملازمین کی تنخواہوں میں 120 فیصد اضافہ اور ملک کو معاشی ٹریک پر لانے جیسی کامیابیاں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے اہم اور نمایاں کارنامے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب بھی عوام کو ان مشکلات سے نکالنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی واحد آپشن ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد نمائندہ پارٹی ہے جس میں ملک میں رہنے والے تمام طبقات کی نمائندگی اور عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے صوبائی عہدیداروں اورکارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچانے کیلئے متحرک کردار ادا کریں آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اورانشاء اللہ پیپلزپارٹی عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔
آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی حصہ لیکر بھر پور کامیابی حاصل کریگی،روزی خان کاکڑ

ٹیگز:
روزی خان کاکڑ
