گوادر(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل (مانیٹرنگ) پلاننگ کمیشن اسلام آباد سیف الرحمن عثمانی کا دورہ گوادر، جی ڈی اے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کارکردگی کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوپلاننگ کمیشن اسلام آباد کے ایک دو رکنی وفد نے ڈائریکٹر جنرل (مانیٹرنگ) سیف الرحمن عثمانی کی سربراہی میں گوادر کا دورہ کیا اور جی ڈی اے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وفد جی ڈی اے اسکول پہنچ گیا اور وہاں جاری مختلف کلاسز کا جائزہ لیا اور بچوں سے بات چیت بھی کی۔ وفد نے جی ڈی اے ہسپتال، جی ڈی اے پارکس، اور ایسٹ بے میں زیر تعمیر بریک واٹر کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر حاجی سید محمد بھی وفد کے ہمراہ تھے اور انہوں نے وفد کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ پلاننگ کمیشن نے جی ڈی اے کے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی اور اطمینان ہوا ہے کہ ادارہ ترقیات گوادر نے یہاں کے لوگوں کی بنیادی ضروریات زندگی کا خیال رکھا ہے اور بنیادی نوعیت کے کام کو اہمیت دی ہے۔ جس میں تعلیم، صحت، پانی، سیر و تفریح، روڑز اور جیٹیز کے منصوبے قابل ذکر ہیں۔ حکومت کی کوشش و خواہش ہے کہ گوادر کی عالمی اہمیت و افادیت کے تناظر میں تعمیر و ترقی ہو اس مقصد کیلئے جی ڈی اے کا کلیدی کردار ہے۔ قبل ازیں وفد نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمن قمبرانی سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور گوادر کی تعمیر و ترقی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔
ڈائریکٹر جنرل (مانیٹرنگ) پلاننگ کمیشن اسلام آباد سیف الرحمن عثمانی کا دورہ گوادر،جی ڈی اے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

ٹیگز:
گوادر
