کوئٹہ/اوتھل (ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر دبلدیات سر دار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تعمیروترقی اور خوشحالی ہمارا نصب العین ہے لسبیلہ سمیت بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں نئے ضلع حب میں جلد ہی ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اپنے فرائض دینا شروع کردیں گے جبکہ دیگر محکموں کے افسران کی بھی مرحلہ وار تعیناتی کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں سٹی پریس کلب اوتھل کے نائب صدر غلام قادر خاصخیلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ حب ضلع کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے چند دنوں میں ضلعی اور اس کے ماتحت اور دیگر محکموں کے آفیسران کا نوٹیکشین بھی جاری ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حب ضلع کا قیام صرف انتظامی تقسیم ہے اور عوام کی آسانی کے لئے ایسا کیا گیا ہے لسبیلہ کی عوام سے میرا روح، پیار، محبت کا رشتہ ہے جس کو کوئی ختم نہیں کرسکتا لسبیلہ کے سیلاب زدگان اور عوام کو اس مشکل گھڑی میں کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔انہوں نے کہاکہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نہ صرف لسبیلہ بلکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں اور سخت پریشان اور بے سروسامانی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لئے لسبیلہ میں پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ سروے جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سروے مکمل ہونے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب زدگان کی نئے سرے سے بحالی کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ بارشوں اور سیلاب سے حکومت کی توقعات سے کہیں زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کے آشیانے اجڑ گئے ہیں کاروبار، زراعت اور انفرااسٹرکچر تباہ و برباد ہوگیا ہے لیکن ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو جلد از جلد بحال کر کے ان کے چہروں پر خوشیاں اور رعنائیاں واپس لائیں۔انہوں نے کہاکہ سیلاب میں گرنے والے مکانات کو تعمیر کروائیں تاکہ لوگ اپنے گھروں میں آباد ہوکر سکون کی زندگی گزار سکیں۔سردارمحمد صالح بھوتانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے بھر کی پائیدار ترقی و خوشحالی کے لئے حتی المقدور کوشش کر رہی ہے۔انشاء اللہ لوگوں کو بنیادی ضروریات پہنچا کر ہی دم لیں گے۔
لسبیلہ سمیت بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں، سر دارمحمد صالح بھوتانی

ٹیگز:
سر دارمحمد صالح بھوتانی
