اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں عمران خان پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ سابق وزیر اعظم اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کیلئے بنی گالہ سے روانہ ہو گئے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ڈھائی بجے ہوگی۔ عمران خان کے وکیل حامد خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔عمران خان ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے سامنے پیش ہوں گے۔عمران خان کی پیشی اور فرد جرم عائد کیے جانےکے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔کمرہ عدالت نمبر ایک میں اینٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کا تحریری جواب مسترد کر دیا تھا۔عمران خان نے اپنے تحریری جواب میں عدالت سے غیرمشروط معافی نہیں مانگی تھی۔عمران خان نے غیرمشروط معافی کی بجائے اپنے الفاظ پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔عدالت نے عمران خان کا جواب مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

