کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری،متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور امدادی اشیاء کی تقسیم کی گئی۔ علاقے میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج اور سول انتظامیہ کی امدادی ٹیموں نے جمعہ کو رضا محمد گوٹھ میں مستحق افراد میں راشن اور خیمے تقسیم کئے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیل بیلہ اور دوریجی کے دور افتادہ علاقوں میں ایف سی کی امدادی ٹیموں نے 110 راشن کے تھیلے تقسیم کئے جن میں روز مرہ کے استعمال کی تمام غذائی اشیا شامل تھیں۔ میٹھی گوٹھ، تحصیل اتھل کے سب سے زیادہ متاثرہ خاندان کو بھی خیمہ دیا گیا ہے۔پاکستا ن کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے تحصیل بیلہ کے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر شیر محمد گوٹھ، فضل گوٹھ، احمد گوٹھ اور فقیرہ گوٹھ میں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کی اور اور آہڑو پل کے قریب پھنسی ہوئی گاڑیوں کو بھی نکالا۔ایف سی، پاکستان کوسٹ گارڈز اور پولیس کے جوان لنڈاپل، جھاؤ کراسنگ،اتھل زیرو پوائنٹ اور وندر میں ٹریفک کی بحالی کے لئے بھی مصروف عمل ہیں۔ پانی کی سطح بلند ہونے کے پیش نظر لنڈا پل پر آر سی ڈی اب بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ تمام شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔پاک فوج، کوسٹ گارڈز، ایف سی اور پولیس سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لئے پرعزم ہیں۔
پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

ٹیگز:
پاک فوج
