کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور ملک کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے یہ ملک ستائیسویں رمضان المبارک کی بابرکت شب کو وجود میں آیا ہے اسے نہ کوئی میلی آنکھ سے دیکھ سکتا ہے ہے اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 14 اگست جشن آزادی کی مناسبت سے صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان،اعلیٰ سول و عسکری حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وزیر اعلی نے اہل وطن کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل غور ہے کہ وہ اقوام جو ہم سے بعد میں آزاد ہوئیں وہ ترقی کے میدان میں ہم سے آگے نکل گئیں اور ہم کیوں پیچھے رہ گئے کیونکہ ہم ایک سچے پاکستانی نہیں بن پائے ہمیں صوبائیت اور لسانیت سے نکل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے ایک سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں حالیہ سیلابی بارشوں سے ہمیں آزمائش اور امتحان کا سامنا ہے اور قوموں پر آزمائشیں آتی رہتی ہیں سیلابی بارشوں سے جہاں املاک کو نقصان پہنچا وہیں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا لیکن ان بارشوں سے صوبے میں جاری 10 سالہ طویل خشک سالی کا خاتمہ بھی ہوا اور زیر زمین سطح آب بھی بلند ہوئی وزیر اعلیٰ نے ریلیف اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں کے دوران ہیلی کاپٹر کے افسوسناک سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں جو افسران ہم سے جدا ہوئے تاریخ ہمیشہ ان کی قربانیوں کو سنہرے حروف میں لکھے گی انہوں نے شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی،شہید میجر جنرل امجد حنیف،شہید برگیڈئیر محمد خالد،شہید میجر سعید احمد،شہید میجر طلحہ منان اور حوالدار مدثر ریاض کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے متاثرہ اضلاع میں جس انداز سے ریلیف اور بحالی کے سرگرمیوں میں حصہ لیا وہ یقیناً قابل ستائیش ہے انہوں نے کہا کہ شہید کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی صوبے کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک بہترین افسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ہمدرد انسان بھی تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے باعث ہمیں سخت صورتحال کا سامنا ہے اور جب بھی صوبہ اس قسم کی صورت حال سے دوچار ہوا ہے تو متاثرین کو امدادی سامان کی رسائی میں کرپشن اور بدعنوانی کے کیسز سامنے آتے تھے لیکن ان سیلابی بارشوں کے دوران امدادی سامان کی ترسیل میں کرپشن اور بدعنوانی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور نہ ہی کہیں کوئی امدادی سامان نہ ملنے کی شکایت ملی جہاں مواصلاتی نظام متاثر ہوا وہاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور متاثرہ لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج متاثرہ لوگوں اور مواصلاتی نظام کی دوبارہ بحالی ہے صوبے کی تاریخ میں ایسی بارشوں کی مثال نہیں ملتی جس کی وجہ سے مواصلاتی نظام اور سرکاری انفراسٹرکچر کو اس قدر نقصان پہنچا ہو وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا تعاون اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے دورے ان کی بلوچستان سے محبت کا واضح ثبوت ہے وفاقی حکومت نے امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کو جو سپورٹ فراہم کیا ہے وہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگ ہمارے اپنے لوگ ہیں اور ہم اپنے وسائل سے بڑھ کر ان کی مدد کریں گے ان سیلابی بارشوں میں جو لوگ ہم سے جدا ہوئے ان کے خاندانوں کے لیے صوبائی حکومت نے دس دس لاکھ روپے کا اعلان کیا اور وفاقی حکومت نے بھی جان بحق افراد کیلئے دس دس لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا جگہ جگہ احتجاج اور دھرنے ہو رہے تھے لیکن الحمدللہ ہماری حکومت نے بات چیت کے ذریعے تمام دھرنوں اور احتجاجوں کا خوش اسلوبی سے خاتمہ کیا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اراکین کے حلقے بھی ہمارے اپنے حلقے ہیں اور ان حلقوں میں بسنے والے عوام بھی ہمارے ہیں ہم نے غیر منتخب لوگوں کی بجائے منتخب لوگوں کی نشاندہی اور تجاویز پر ترقیاتی منصوبے بنا? اور فنڈز فراہم کئے اور کسی کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی تاکہ صوبہ بھر میں یکساں ترقی کا عمل جاری رہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے وہ تاریخی کی بجٹ پیش کیا کہ جس میں نہ تو اسمبلی کے سامنے کوئی احتجاج ہوا اور نہ ہی کوئی دھرنا اور جس ماحول میں صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش ہوا وہ بھی یقیناً تحسین کے لائق ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ایک حساس صوبہ ہے اور اسسے شدت پسندی اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا بھی ہے ہم مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے شدت پسندی کا پرامن خاتمہ چاہتے ہیں لیکن صوبے کا امن خراب کرنے والے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گے لیکن دہشت گردی کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے تاریخی ریکوڈک معاہدہ کیا جس میں حکومت نے صوبے کے مفادات کا بہترین انداز سے تحفظ کیا تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا اور اراکین اسمبلی کے لیے ان کیمرہ بریفنگ کا اہتمام بھی کیا گیا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے گیارہ سال بعد صوبہ بھر میں پر امن صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروایا اور کہیں بھی کسی جماعت کے لیے کوئی سرکاری مشینری استعمال نہیں کی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی وطن عزیز کو مشکلات اور مصائب سے محفوظ رکھے اور ملک کی ترقی اور استحکام میں ہماری مدد فرمائے وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کرنے والے مختلف سکولوں کے بچوں کے لیے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزاؤں میں دو ماہ کی کمی کا اعلان بھی کیا قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل کے ہمراہ پرچم کشائی کی
یہ ملک ستائیسویں رمضان المبارک کی بابرکت شب کو وجود میں آیا اسے نہ کوئی میلی آنکھ سے دیکھ سکتا ، میر عبدالقدوس بزنجو کا جشن آزادی کی تقریب سے خطاب

ٹیگز:
میر عبدالقدوس
