اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں اداروں کو گالی، دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکیدار نہ بنے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں واپسی کیلئے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دینگے، کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دینگے، آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کیا کہ چار سال حکومت چلانے کے لئے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔ دھونس دھمکی گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کرو۔ عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔
وزیر اطلاعات بولیں کہ منہ پہ خون لگنے کی بات کرکے اب پاؤں نہ پکڑیں، عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن اور اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہوگیا، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے۔ عمران صاحب دھونس، دھمکی، انتشار، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔ فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے۔ اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہئے، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے۔

