کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے پرویشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر جمعرات کے روز حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا اور بحا لی کی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیاانہوں نے پی ڈی ایم اے آفس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں تربت، گوادر، قلعہ عبداللہ، چمن، قلات،کوہلو،اور سبی، سمیت تمام متاثرہ علاقوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سیلاب کی وجہ سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت بھی کی اور اْن کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میرضیاء اللہ لانگو کو بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ بھی دی گئی اور ان کو متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ دوران بریفننگ محکے کے افسران بھی موجود تھے۔ مشیر داخلہ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بھر میں ندی نالوں اور دیگر مقامات پر تجاوزات ہٹانے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے اور جہاں پر آبی راستوں میں تجاوزات بنائی گئی ہیں ان کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے ریلیف کے کاموں میں ریکارڈ وقت میں متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ عوامی آدمی ہیں اور وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کے سپاہی کے طور پر عملی کام کریں گے جبکہ صرف فوٹو شوٹ کیلئے لمبے بوٹ پہننا ان کا وطیرہ نہیں اور وہ اپنے عوام کے ساتھ مصیبت میں ہمہ وقت حاضر ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ بذات خود سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور اگلے چند دنوں میں دوسرے آفات زدہ اضلاع اور علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور بحالی کیلئے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں متاثرہ علاقوں کو یکساں طور پر ریلیف دیا جائے گا۔
میرضیاءلانگو نے حالیہ بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا

ٹیگز:
صوبائی مشیر داخلہ
