کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبے کے تمام محکمے خصوصی طور پر تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں میں ڈیلیوری سسٹم کی بہتری کا انحصار قابل اور باصلاحیت افسروں اور اہلکاروں کی موجودگی پر ہے۔ صوبائی حکومت کی اولین زمہ داری ہے کہ انتظامی و مالی امور کو صیح سمت میں رکھنے کے لئے میرٹ کو فروغ دے اور تمام ملازمین سے یہ امید بھی کرتے ہیں کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور صلاحیت، امانت و دیانت اور سماجی بہبود کے ان اعلی اصولوں پر عمل پیرا ہوں جو تاریخی طور پر فلاحی ریاست کے کارندوں کا خاصہ رہا ہے ہماری ترجیحات میں صوبہ میں ایک صاف ستھری قابل اعتماد اور عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار سول سروسز اولین ترجیح ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائیں تاکہ سرکاری ملازمین پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ ہمیں رزق بھی انہی عوام کی وجہ سے ہے اور ہم سب نے اپنے رزق کو حلال کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے منگل کے روز سیکرٹریز کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو وقت کی پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفتروں میں حاضر رہیں کیونکہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہے اور ہمیں لوگوں کی خدمت کیلیے سنجیدہ ہوکر دن رات کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں کوئی بھی ملازم ڈپٹی کمشنر کے علم میں لائے بغیر سٹیشن نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے دفاتر سے غیر حاضر رہنے والے افیسرز و ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور پاکستان سٹیزن پورٹل کے تحت عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں ضلع بھر کی تمام عوامی شکایات کو اولین سطح پر حل کیا جا رہا ہے تمام افسران عوام کی شکایات کے حل کے لیے کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کریں اور ان کے حل کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں صوبائی محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل سے متعلق امور کا بھی جائیزہ لیا گیا۔ بھرتیاں صرف اور صرف اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی تاکہ کسی حقدار کی حق تلفی نہ ہو۔ سیکریٹریز کمیٹی میٹنگ میں واضح کیا ہے کہ کہ سیکریٹری اپنے اپنے محکموں میں بھرتیوں کی شفافیت کے زمہ دار ہونگے۔ کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو بھی شفافیت اور میرٹ کو یقین بنانے کا پابند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یوم آزادی (ڈائمنڈ جوبلی) کو بھی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریوں کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ اور محکمہ پی ڈی ایم اے کام کررہے ہیں۔ جو کہ لوگوں کو ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مدد کررہے ہیں جبکہ بارش سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر طرح سے مدد کرے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات سیدال خان کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی اور تعزیت بھی کی گئی۔ اجلاس میں تمام صوبائی سیکرٹریز موجود تھے۔
بارش سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں امداد فراہم کی جارہی ہے، عبدالعزیز عقیلی

ٹیگز:
عبدالعزیز عقیلی
