کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سنئیر نائب امیر مولانا خورشید احمد، جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، معاونین اطلاعات حافظ خلیل احمد سارنگزئی، مولانا جمال الدین حقانی، مولانا محمد طاہر توحیدی، سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ، معاونین مالیات حاجی قاسم خان خلجی، حاجی صالح محمد، مولانا محمد عارف شمشیر، مفتی رحمت اللہ، سالار حافظ سید سعداللہ آغا، معاونین سالار مفتی محمد ابوبکر، حافظ رحمان گل، حاجی عبداللہ سلیمان خیل اور حافظ دوست محمد نے کہا کہ مالی سال 2021۔2022 کے بجٹ کو صحیح اور بروقت استعمال سے احساس محرومی میں کمی ممکن ہے، 612ارب 79کروڑ بجٹ میں کوئٹہ کے اندر تعلیم، صحت کی بہتری اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بناکر مایوسی کے خاتمے میں پہل کیاجائے،انہوں نے حکومت بلوچستان اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تمام وزراء اور ایم پی ایز سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خدا را شہر کے بنیادی مسائل کے حل اور بلاتفرق خدمت کو شعار بناکر حقیقی معنوں میں عوام اور ضلع کی خدمت کریں، انہوں نے کہا جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے کوئٹہ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی توجہ بار بار مبذول کرانے کی کوشش کرتے ہوئے زبانی اور تحریری طور پر مسائل اور شکایات پیش کی ہیں،اس پر عملدرآمد سے مشکلات میں بڑی حدتک کمی ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہزاروں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں لے کر دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں، ان کیلئے سرکاری جاب ایک خواب بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں فرنیچرز، صاف واش رومز کی بحالی،پانی کی دستیابی، صفائی ستھرائی، کلاسز کی خستہ حالی کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ آج عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں معمولی پٹی اور سرینج تک نہیں ملتی اور عوام میڈیکل مافیا کے رحم وکرم پر ہیں، اسی طرح شہر کے بنیادی مسائل پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر پر بھی توجہ ضرورت ہے، لہذا جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ مطالبہ کرتی ہے کہ مالی سال 2021.2022کے بجٹ میں کوئٹہ کے عوام اور ان کے مسائل کو نظر انداز نہ کیاجائے۔
بجٹ کو صحیح اوربروقت استعمال سے احساس محرومی میں کمی ممکن ہے، مولاناعبدالرحمن

ٹیگز:
مولاناعبدالرحمن
