کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور و چیئرپرسن وویمن پارلیمنٹرین کاکس فورم ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ تخفیف غربت کے لئے روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی کی تربیت خواتین کو معاشی میدان میں مالی خود انحصاری کی جانب گامزن کرسکتی ہے اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کی معاونت سے خواتین کو گھریلو سطح پر کاروبار کے مواقعوں کی فراہمی کے اقدامات قابل ستائش ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں یو این ایچ سی آر اور آئی ڈی او کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں مقامی دستکاری نمائش کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کے ریجنل ہیڈ ارون پولیکر، سیکرٹری محنت و افرادی قوت طارق قمر و دیگر افسران اور خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں ہوم بیسڈ ورکرز بل منظور ہوچکا ہے جس کے تحت اب گھریلو سطح پر کام کرنے والی خواتین کو بھی باقائدہ طور پر وہ مراعات اور تحفظ حاصل ہوگا جو لیبر لاء کے مطابق ایک عام مزدور کو حاصل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کی معاونت سے خواتین کو مختلف شعبوں میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرکے انہیں اپنے پاوں پر کھڑا کیا گیا ہے جو فراہمی روزگار کی جانب ایک انقلابی قدم ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت اور محنتی ہیں جن کی حوصلہ افزائی کرکے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد ثابت ہوتی ہیں انہوں نے کہا کہ معاشی اقتصادی اور سماجی ترقی کی جدوجہد میں ہمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کا مقابلہ نہیں بلکہ بہتری کا موازنہ کرنا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کے ریجنل ہیڈ ارون پولیکر نے کہا کہ یو این ایچ سی آر بلوچستان میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہے اور بلوچستان کی سرکاری اسپتالوں میں تشخیصی مشینری اور طبی سہولیات کے لئے معاون کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی ترقی کے غیر معمولی مواقع فراہم کرکے ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہماری ترجیح ہے تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے خواتین کی دستکاری نمائش کا افتتاح کیا۔
ہنرمندی کی تربیت خواتین کومعاشی میدان میں مالی خود انحصاری کی جانب گامزن کرسکتی ہے،ڈاکٹرربابہ بلیدی

ٹیگز:
ڈاکٹرربابہ بلیدی
