اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اپنے ولاگز کے ذریعے مقامی تاجروں، دکانداروں اور کاروباری حضرات کی تشہیر کرکے شہرت حاصل کرنے والی یوٹیوبر، ٹک ٹاکر اور ولاگر حنا دانیال ملک انتقال کر گئیں۔
ابتدائی طور پر گزشتہ ہفتے حنا دانیال ملک کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ روڈ ایکسیڈنٹ میں چل بسیں۔
تاہم اب ان کے انسٹاگرام پر ان کی بہن اور شوہر نے وضاحتی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے ان کے انتقال کرجانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حنا دانیال ملک روڈ حادثے میں نہیں بلکہ ’برین اٹیک‘ ممکنہ طور پر ’دماغی فالج‘ کا حملہ ہوا تھا۔
ان کی بہن حرا انیس نے ولاگر کے انسٹاگرام پر تقریبا 12 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں بتایا کہ حنا دانیال ملک 11 جون کو انتقال کر گئی تھیں اور وہ ان کی موت کے صدمے میں ہونے کی وجہ سے لوگوں کے جوابات نہیں دے پا رہے تھے۔

