کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے پہلے اپنا محاسبہ کریں،بلوچستان میں قبائلی دشمنوں اورنفرتوں کی وجہ سے صوبے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہونی چاہئے تھی وہ کلاشنکوف اٹھائے پھر رہے ہیں جب تک ہم آپس کی دشمنیوں اور نفرتوں کو ختم نہیں کریں گے ترقی نہیں کرسکتے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو نواں کلی میں حاجی زرغون کی رہائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ثناء اللہ،شیرمحمد خلجی، باچا اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اسوقت مشکل ترین دورسے گزر رہاہے سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کیلئے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہی ہیں انہیں عوام اور ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانک پر اپنا محاسبہ کرنا چاہئے جب تک ہم خود اپنا محاسبہ نہیں کریں گے ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں قبائلی دشمنوں اور آپس کی رنجشوں سے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے جن نوجوانوں کے ہاتھوں قلم اورکتاب ہونی چاہئے تھی وہ کلاشنکوف اٹھائے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج اکیسویں صدی میں بھی بلوچستان کے عوام تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جب تک ہم آپس کی رنجشیں اور نفرتیں ختم نہیں کریں گے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے ہمیں چاہئے کہ اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ انہی نوجوانوں نے کل بڑے ہوکر ملک اورقوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔
پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے،لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
