اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان کے کاشتکاروں و کسانوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد مگسی موجود تھے۔چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانا اور زرعی پیداوار کو بڑھانا انتہائی اہمیت اختیا کر گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں مروجہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کا اپنانا ہوگا تاکہ پانی کی بچت ہو۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ احول دوست اقدامات کے ذریعے پائیدار پیدواری صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پانی کے ذخائر میں دن بددن کمی ہو رہی ہے ہمیں اپنے آبپاشی طریقہ کار کو تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آبپاشی کے جدید طریقوں پر انحصار سے پانی کم سے کم استعمال کر کے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کی بھر مار نے زیر زمین پانی کے ذخائر پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیوب ویلوں کی بجائے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور پانی کے ذخائر بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں زرعی شعبہ پانی کی قلت کی باعث متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام، کاشتکاروں اور کسانوں میں اس حوالے سے شعور اْجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت صوبہ بلوچستان کے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے مختلف منصوبوں کا آغاز کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کا منصفانہ استعمال ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کے باعث بلوچستان میں باغات خشک ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زراعت، لائیو سٹاک کے شعبے میں نجی سطح پر شراکت دار ی کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے،بلوچستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار بنانے کی ضرورت ہے۔وفد نے چیئرمین سینیٹ کو بلوچستان میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ان مسائل کے حل کیلئے یقینی دہانی کرائی۔
زراعت کے شعبے میں مروجہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کا اپنانا ہوگا،چیئرمین سینیٹ

ٹیگز:
چیئرمین سینیٹ
