کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے 34اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم بروز 23مئی سے شروع ہوگی جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہارایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر حمیداللہ ناصر نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے26لاکھ33ہزار سے زائدبچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران10 ہزار868کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی۔جن میں 8ہزار818موبائل ٹیمیں،947فکسڈسائٹ او597ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ اس مہم کے دوران بچوں کووٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔پولیو کو ہرانے کی جنگ میں والدین، سیاسی حلقوں، علماء کرام او ر انتظامیہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کی مثبت سوچ، رویوں اور مدد کی بدولت پولیوکی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا سمیت پوری دنیا میں اسی ویکسین کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا گیا ہے۔ لہذا بچوں کو ہر مہم میں قطرے پلانے میں کوئی حرج نہیں بلکہ اس سے پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ 27جنوری 2021 سے اب تک کوئی پولیو کیس صوبے میں رپورٹ نہیں ہو ا جو ایک کامیابی (Achievement (ہے)آخری کیس جنوری 2021کو ضلع قلعہ عبداللہ میں رپورٹ ہوا تھا اور اپریل 2021سے(environmental sample) میں پولیو وائرس کی موجود گی نہیں پائی گئی ہے. پاکستان میں اس سال 2022 میں تین پولیو کے کیسز وہ بھی جنوبی وزیر ستان سے رپورٹ ہوئے ہیں آج سے شروع ہونے والی پولیو مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ہم نے عزم کررکھا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پورے صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اور پولیو کا خاتمہ کرنے کے لیے انسداد پولیو کی ہر مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانا لازمی ہے۔ اور ساتھ ہی ساتھ بچوں کوحفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرانا بھی لازمی ہے۔ تاکہ بچوں میں پولیو سمیت دیگر خطرناک اور جان لیوا بیماریوں سے بچنے کے لیے قوت مدافعت پیدا ہو۔حمیداللہ ناصر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب اور ہر بچے کو قطرے پلانے کیلئے کمیونٹی ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہیں جو ان ہائی رسک علاقوں میں کام کرینگے جہاں بچوں تک رسائی مشکل ہے۔ اس عمل کوبہتر بنانے کیلئے علماء کرام، قبائلی رہنماؤں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ہماری میڈیا، عوام اور ہر شہری سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔ پولیو لا علاج مرض ہے او ر پولیو ویکسین پلا کر ہی بچوں کو اس سے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
بلوچستا ن بھرمیں پانچ روزہ پولیو مہم بروزپیر23 مئی سے شروع ہوگی، حمید ناصر

ٹیگز:
حمیداللہ ناصر
