اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے لوٹے اٹھا کر سندھ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حزب اختلاف اور منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔پولیس نے مظاہرین کو واپس بھیجنے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی کارکنان نے سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی۔
پولیس کی جانب سے بارہا پی ٹی آئی کارکنوں کو سندھ ہاؤس سے جانے کی ہدایت کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی۔دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ سندھ ہاؤس سے تحریک انصاف کے کارکنوں کو فوری واپس بلایا جائے اور اگر پی ٹی آئی کارکنان سندھ ہاؤس سے نہ گئے تو گورنر ہاوس کا راستہ ہمارے کارکنوں نے بھی دیکھا ہے۔

