کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت محکموں میں خالی آسامیوں کو پر کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین سی ایم آئی ٹی عبدالصبور کاکڑ اور ایس ایم بی آر ارشد مجید شریک تھے۔ اجلاس میں یہ طے پایا گیا کہ صوبے میں مختلف آسامیوں کو میرٹ اور شفافیت کے ذریعے پر کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو خالی آسامیوں پر روزگار فراہم کرنے کیلئے شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اس کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت سمیت صوبے کی تعمیر و ترقی اور نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسامیوں پر بھرتی کے پورے عمل کو صاف شفاف بنائیں گے اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کا صوبائی محکمانہ انتظامیہ پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں میں واضح اور شفافیت پر مبنی پالیسی اختیار کی جائیگی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں میں خالی آسامیوں کو میرٹ پر بھرتیوں کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ایس ایم بی آر ارشد مجید،سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالرحمن بزدار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد ہاشم غلزئی، چیئرمین بی آر اے پسند خان بلیدی، ممبر سی ایم آئی ٹی غلام علی بلوچ اور زاہد سلیم شامل ہیں جو مختلف خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی شفافیت پر مبنی عمل کی نگرانی کریں گے۔ چیئرمین سی ایم آئی ٹی نے بھرتیوں میں شفافیت کے سلسلے میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
حکومت نوجوانوں کو خالی آسامیوں پر روزگار فراہم کرنے کیلئے شفافیت پر یقین رکھتی ہے، چیف سیکرٹری

ٹیگز:
چیف سیکرٹری
