کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا ذریعہ معاش زراعت پر منحصر ہے صوبے کو کھاد کی فراہمی یقینی نہیں بنائی تو اس سے صوبے میں غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اسکی سمگلنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بیشتر عوام کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے صوبے میں نصیر آباد ڈویژن میں صرف اور صرف زراعت سے لوگ اپنا روزگار کماتے اور صوبے کو اناج فراہم کرتے ہیں لیکن امسال کھاد کی سمگلنگ اور مصنوعی قلت کی وجہ سے زمیندار پریشان ہیں اور انہیں انتہائی کم کھاد فراہم کی جارہی ہے جس سے زمینداروں کو بھاری نقصانات پہنچنے کے ساتھ ساتھ غذائی قلت کا خدشہ بھی پیدا ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ امتیازی رویہ ترک کرتے ہوئے نہ صرف کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائے بلکہ ساتھ ہی کھاد کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھی موثر حکمت عملی مرتب کی جائے بصورت دیگر صوبے میں دیگر کئی انسانی بحرانوں کے ساتھ ساتھ ایک اور بحران جنم لینے کا خدشہ موجود ہے
صوبے کو کھاد کی فراہمی یقینی نہیں بنائی تو اس سے غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جمال شاہ کاکڑ

ٹیگز:
جمال شاہ کاکڑ
