کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی53ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر 2026بروز بدھ ایوب سٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ میں دوپہر 1بجے منعقدہ جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے میں ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر سے مربوط مختلف علاقائی یونٹس کے اجلاسوں کا انعقاد ہوا۔ پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین سردار حیات میرزئی،دوست محمد لونی، حبیب الرحمن بازئی،گل خلجی، اقبال بٹے زئی، حفیظ ترین، ضلع کوئٹہ ایگزیکٹیوز ملک اعظم بازئی، اکرم خان خلجی، اکبر خروٹی، ادریس خان اچکزئی، ضلع کمیٹی کے اراکین سردار بہادر خان موسیٰ خیل، اختر خروٹی، عظیم دوتانی، حاجی لالک بیانزئی، تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی، سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی،تحصیل ایگزیکٹیوز،علاقائی سیکرٹریز وسینئر معاونین نے منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کیئے۔ اجلاسوں میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53ویں برسی کے جلسے کی تیاریوں اور پارٹی کے تنظیمی امور کو خصوصی اہمیت دی گئی۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی مختلف علاقائی یونٹ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شابو پائند خان علاقائی جنرل باڈی اجلاس علاقائی سیکرٹری جمیل خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ خروٹ آباد اول اور خروٹ آباد وئم کا مشترکہ علاقائی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں علاقوں کے ایگزیکٹو اور کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت خروٹ آباد کے علاقائی سیکرٹری باچا خان نے کی۔ پشتون باغ اول شہید نادر پہلوان علاقائی کمیٹی کا اجلاس علاقائی سینئر معاون سیکرٹری باچا خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کلی عالم خان کاسی علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس علاقائی سیکرٹری خدائیداد خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سرپل علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس علاقائی سیکرٹری ڈاکٹر رمضان کی صدارت میں منعقد ہوا۔رمضان شہید پشتون باغ اول علاقائی یونٹ کمیٹی کا اجلاس علاقائی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سرہ غورگئی علاقائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے انگریزی جبر واستبداد اور انگریزوں کے مسلط کردہ ایجنٹوں اور سیاہ قوانین کے خلاف ستم زدہ پشتون قوم وعوام کو غلامی سے نجات دلانے اور عوام میں آزادی کی روح اُس وقت پھونکی جب بیسویں صدی برٹش امپریلزم جیسے طاغوتی حکومت کے خلاف برصغیر پاک وہند میں آزادی کی تحریکیں شروع ہوئیں۔برٹش بلوچستان میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے نوجوانوں میں قومی،سیاسی بیداری، شعور پیدا کرنے کی خاطر قدرتی شعور کے بدولت سیاست کا آغاز کیا اور ان کی تاریخ سازجدوجہد،قید وبند کی طویل صعوبتوں، قربانیوں کی بدولت اس خطے کو فرنگی ظلم وستم سے نجات حاصل ہوئی۔ لیکن بدقسمتی سے ملک کے قیام کے بعد بھی خان شہید کو ملک کو آئین دینے، جمہوریت، ون مین ون ووٹ کے حصول، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام اور ملک میں متصل پشتون علاقوں پر مبنی پشتون قومی وحدت کے قیام کے لیے جاری جدوجہد کی پاداش میں آمرانہ حکمرانوں،غیر جمہوری قوتوں کی سخت سزاؤں کا سامنا اور قید وبند میں رکھا گیا اور آمر ایوب خان کے تمام آمرانہ دور میں پہلے سیاسی قیدی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی تھے جو 14سال تک قید میں رہے۔ خان شہید حریت فکر کے راہی جنہوں نے لوگوں میں شعورپھیلانے، عوام کو آزادی، اظہار رائے دلانے، حقیقی آزادی کی فوقیت سے آگاہ کرنے کے لیے اس صوبے میں پریس ایکٹ لانے کی جدوجہد کی سات سال کی جدوجہد کے بعد 1936میں جب پریس ایکٹ نافذ ہوا تو خان شہید نے اپنے دوست عزیز مگسی پرنٹنگ پریس کا قیام عمل میں لاکر استقلال کے نام سے ہفت روزہ اخبارہ کا اجراء کیا اوراس اخبار کے ذریعے عصری تقاضوں کے مطابق مروجہ دقیانوسی نظام، انگریزوں کی پشت پناہی کرنے والے کرداروں کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ تمام تر دباؤ کے باوجود حق کی آواز بلند کرتے رہے۔ جس کے نتیجے میں 1950میں اُس وقت کے حکمرانوں نے استقلال اخبار پر پابندی لگائی اور انہیں پابند سلاسل کیا۔ بعد میں ماہنامہ پشتو اور ہفت روزہ پیغام جدید کا بھی اجراء کیا لیکن اسے بھی 1954میں حکومت وقت کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
مقررین نے کہا کہ خان شہید کی علمی، ادبی، صحافتی خدمات سے وقت کے حکمران اس قدر خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار رہیکہخان شہید کو اپنی جدوجہد سے دستبردار کرنے کے لیے 2دسمبر 1973کو انہیں اپنے ہی گھر میں بموں کے ذریعے شہید کردیا گیا لیکن آج خان شہید کی شروع کردہ تحریک پشتونخوا وطن اورتمام ملک میں پھیل چکی ہے۔ اور اس خطے میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر،ملی مشر اور ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہنماء محمود خان اچکزئی کی بات کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ آج بھی پارٹی ملک میں آئین کی بحالی وبالادستی، جمہور کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام اور ملک میں پشتونوں علاقوں پر مبنی متصل علاقوں پر پشتون قومی وحدت کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اور اس قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کی پاداش میں مختلف حربوں سے پارٹی پرغیر آئینی،غیر قانونی، غیر جمہوری طور پر تابڑ توڑ حملے جاری ہیں۔جس کی روک تھام کے لیے ہمیں اپنی صفوں اور تنظیم کو مزید منظم کرنا ہوگا۔ مقررین نے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ 2دسمبر کو خان شہید کو عبدالصمد خا ن اچکزئی کی شہادت کی برسی کے جلسہ عام میں شرکت کرکے خان شہید کی خدمات،تاریخ ساز جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کریں۔
قومی سیاسی جمہوری مطالبات وجدوجہد کی پاداش میں آج بھی پارٹی پر حملے جاری ہیں، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
