کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ صوبائی پریس ریلیز میں نااہل،سلیکٹڈ، مسلط ناکام حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے عوام دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرتی جارہی ہے جبکہ یہاں نااہل سلیکٹڈ حکومت کرپشن وکمیشن کیلئے ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے اور مختلف اشیاء پر ٹیکسز لگا کر عوام سے ان کی قوت خرید کو چھین لیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرات خزانہ کے ترجمان کا بیان صرف غلط بیانی پر مبنی ہے اور اس بیان کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکا جارہا ہے سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے حوالے سے کی گئی قانون سازی اور اختیارات آئی ایم ایف کے سپردکرنے کے بعد حکومت سمیت اسٹیٹ بینک کے گورنر تک کویہ اختیار نہیں کہ وہ ملکی خزانے سے ایک روپیہ نکال سکیں اور اب یہاں صرف آئی ایم ایف کی حکمرانی ہوگی اور حکومت کو من وعن تمام شرائط کو تسلیم کرنے ہونگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی نااہلی کے باعث ملکی روپیہ کی قدر روز برورز گرتی جارہی ہے جبکہ ڈالرکی اڑان پر قابو نہیں پایا جاسکا جبکہ حکومتی ارکان دنیا بھر میں مہنگائی کی مثالیں دیتے ہیں حالانکہ دنیا کے دیگر ممالک کی کرنسی کئی زیادہ ہیں اور ان ممالک میں اپنے عوام کو ہر قسم کی سہولیات اور ریلیف دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ2018میں اسٹیبلشمنٹ کی جانبدرانہ انتخابات اور سیاست میں مداخلت کے نتائج کا خمیازہ اب ملک کے 22کروڑ عوام کو مسلط حکومت کی نااہلی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ایک جانب ملک بحرانوں کا شکار ہوچکا ہے اور دوسری جانب سے عالمی تنہائی سے دوچار ہے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کے باعث عالمی میڈیا پر ملکی اداروں اور پارلیمنٹ کا سنگین مذاق اڑایا جارہا ہے،آئین کی پائمالی،جمہور کی حکمرانی کے خاتمہ اورملک بالخصوص پشتون بلوچ صوبے میں سویلین مارشلاء نافذ کرنے کی ذمہ دار موجودہ سلیکٹڈ حکومت اور ملکی اسٹیبلشمنٹ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام باشعورجمہوریت پسند عوام وقوتوں کو مسلط حکمرانوں سے نجات کیلئے جاری جدوجہد میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور ملک میں آئین کی حکمرانی، جمہوریت کے قیام، پارلیمنٹ کی بالادستی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی، مہنگائی وبیروزگاری کے خاتمے، امن کے قیام کیلئے اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے بغیر ملک میں از سر نو صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے کیونکہ عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہ اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور عوام کے منتخب پارلیمنٹ کے ذریعے ہی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل اور اس موجودہ بحرانوں کا خاتمہ کرکے ملک کا مورال بلند کیا جاسکتا ہے۔
سلیکٹڈ حکومت کرپشن وکمیشن کیلئے ہرہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
