اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزير اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پارلیمان میں فساد عوام کی نظر میں سیاستدانوں کا وقار کم کرتا ہے، نئے سال کے آغاز پر تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن الیکشن، معیشت، سیاسی، عدالتی اصلاحات پر گفتگو کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عظیم ملک ہے، ہمیں ذمہ داریوں کے احساس کی ضرورت ہے، پارلیمان میں فساد عوام کی نظر میں سیاستدانوں کا وقار کم کرتا ہے۔خیال رہے کہ فواد چوہدری کا اشارہ گزشتہ سال کے آخری ہفتے کے دوران پارلیمان میں پیش کیے گئے منی بجٹ کے اجلاس کی جانب تھا جس میں پی ٹی آئی حکومت کے منی بجٹ پیش کرنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔
قومی اسمبلی میں منی بجٹ 2021ء کا مسودہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے پڑھ کر سنایا تھا، جس میں ٹیکس چھوٹ کے خاتمے سے گاڑیاں، موبائل فون، کمپیوٹر اور جیولری سمیت متعدد اشیاء مہنگی ہوجائیں گی۔ منی بجٹ 2021ء میں مختلف اشیا پر 350 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ کیا گیا۔
اسمبلی نے سرکاری جائیدادوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے آرڈیننس، ٹیکس قوانین تیسری ترمیم کے آرڈیننس، پاکستان فوڈ سیکیورٹی فلو اینڈ انفارمیشن آرڈیننس، کونسل برائے تحقیق آبی وسائل ترمیمی آرڈیننس، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی ترمیمی آرڈیننس میں بھی 120 دن توسیع کی قرار دادیں بھی منظور کی تھیں۔
اس کے علاوہ فنانس سپلیمنٹری بل 2021ء کے مطابق زیرو ریٹڈ آئٹمز پر ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے ساڑھے 9 ارب روپے اضافی بوجھ پڑے گا، امپورٹڈ فوڈ آئٹمز پر ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے 215 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، پاور سیکٹر کیلئے امپورٹڈ مشینری پر دی گئی چھوٹ بھی واپس لی جارہی ہے۔

