کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی پولیس نے شاہ لطیف کے علاقے سے تحریک طالبان پاکستان (پی ٹی آئی) کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ ہیں اور وہ کراچی میں کسی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے اکھٹے ہوئے تھے۔
شہر میں سیکیورٹی کے نظم و نسق کے ذمہ دار ادارے کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دیگر تخریب کار کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم، پاسپورٹ، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر دستاویزات برآمد کی گئی ہیں جبکہ ان سے بارودی مواد، بال بیرنگ اور ڈیٹونیٹرز برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم رضا اللہ عرف ناصر نے تحریک طالبان پاکستان میں 2011 میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ گرفتار دہشت گرد حبیب نور عرف شیر حبیب نے 2008 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی اور امیر کے کہنے پر مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا۔پولیس گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور ٹھکانوں کے متعلق معلومات حاصل کر رہی ہے اور ساتھ ہی مزید گرفتاریاں اور برآمدگی کی متوقع بھی ظاہر کی ہے۔

