کوئٹہ (گرین گوادرنیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے ہلال شجاعت نے کہا ہے کہ پولیس عدالت عالیہ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈگاڑیاں، کالے شیشے، غیر قانونی بغیر نمونہ نمبر پلیٹس،راہداری اور اسلحے کی نمود و نمائش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے 118 گاڑیوں کے شو رومز کو رجسٹرڈ کرنے کے علاوہ راہداریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 ایف آئی آر درج کی ہیں جب کہ ہوائی فائرنگ کی خلاف ورزی کرنے پر 24 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں کوارڈینیشن اینڈ ایمپلیٹیشن کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ محمد اظہر اکرم، ڈی جی ایکسائز محبوب حسن، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن,ایس ایس پی ٹریفک پولیس گل سعید آفریدی, ایس ایس پی آپریشن احمد محی الدین،ایڈیشنل کلکٹر کسٹم یاسر کہلواڑ سمیت اعلیٰ پولیس اور سول حکام شریک تھے اجلاس میں اب تک کی جانے والی کارروائیوں میں ڈی جی ایکسائز کا کہنا تھا کہ اب تک 118 گاڑیوں کے شو رومز رجسٹرڈ کرکے ان کا ڈیٹا کسٹم حکام کو فراہم کیا گیا ہے اس کے علاوہ بغیر نمونہ جات نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی جاری ہے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے بتایا کہ پولیس نے راہداریوں کے خلاف 16 ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور شہر میں ہوائی فائرنگ کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں 24 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے کمیٹی کے شرکاء کو آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں پولیس کو انٹیلی جنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ جو لوگ ہوائی فائرنگ کو ایک مشغلہ سمجھتے ہیں ان کے خلاف منظم کارروائی کرکے اس سلسلے کو روکا جاسکے۔جبکہ سرکاری اور لوگوں کی ذاتی اراضی پر قبضہ مافیا میں ملوث عناصر کیخلاف جاری سخت کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی کوئٹہ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی مشترکہ سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور اس سلسلے میں متعلقہ ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنر کی رہنمائی بھی حاصل کی جائے اجلاس کو ایس ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی شروع ہے جس پر آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا تمام غیر قانونی رکشوں اور گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے متعلقہ ججز کو درخواست دی جائے تاکہ ان کے تلف کرنے کے مراحل میں تیزی لاکر ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں،کالے شیشے،غیر نمونہ نمبر پلیٹ اورہر قسم کی راہداریوں اور اسلحے کی نمود و نمائش کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
نان کسٹم پیڈگاڑیاں، کالے شیشے اورا سلحے کی نمائش کے خلاف پولیس کارروائیاں کر رہی ہے، محمد طاہر رائے

ٹیگز:
محمد طاہر رائے
