اسلام آباد(ملک غلام مرتضی) چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026، 24 سے 28 نومبر 2026 تک مصحف اسکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ چیمپئن شپ میں آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑی حصہ لیں گے، جن میں پاکستان کے 8 کھلاڑی جبکہ مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ، چین سے تعلق رکھنے والے 16 بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت سے ایونٹ میں مسابقت کی فضا مزید گہری ہونے کی توقع ہے۔
پاک فضائیہ نے ملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے طویل عرصے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس ضمن میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کھلاڑیوں کی کی تربیت اور عالمی اسکواش سرکٹ میں پاکستان کی موجودگی کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے گئے ہیں۔ حال ہی میں مصحف اسکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں کامیابی سے منعقد ہونے والی 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے مردوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جو ان کوششوں کے مؤثر نتائج کا مظہر ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سرپرستی میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور آبیاری، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع میں وسعت اور عالمی اسکواش میں پاکستان کے تاریخی مقام کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ترقی کے ذریعے پاک فضائیہ ملک میں اسکواش کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ چیمپئن شپ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، نامور اسکواش لیجنڈز اور کھیلوں کی دنیا کی ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 پاکستان میں اسکواش کے احیا کے لیے پاک فضائیہ کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ یہ ایونٹ مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے اور قیمتی مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ اس نوعیت کے اقدامات کا مقصد کھیلوں میں اعلیٰ معیار کے حصول، مستقبل کے چیمپئنز کی تربیت اور عالمی اسکواش میں پاکستان کو دوبارہ صفِ اول کی اقوام میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

