کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 1976کے سردار نظام کے خاتمے کے قانون پر عملدآمد یقینی بنانے کی قرارداد 6اراکین کی مخالفت پر مسترد کردی گئی، پنجگور میں نامکمل اسکیمات کا توجہ دلاؤ نوٹس نمٹا دیا گیا، اقلیتی اراکین کا 27دن سے اغواء لڑکی کی عدم بازیابی پر احتجاج، کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی کردیاگیا ۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی شاہدہ روف نے نقطہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے بارڈر ٹریڈ کھولنے کا اعلان خوش آئندہ ہے بارڈر ٹریڈ کھولنا صوبے کیلئے بہت ضروری ہے۔ رکن اسمبلی اشوک کمار نے کہا کہ سبی سے اغوا ہونے بندیا کماری 27 دن سے لاپتہ ہے اس موقع پر بندیا کماری کی عدم بازیابی پر اراکین اشوک کمار اور سنجے کمار اسپیکر ڈائس کے زمین پر بیٹھ گئے دونوں اراکین اسمبلی نے ایوان میں نعرے بازی بھی کی بعدازاں دیگر اراکین کے منانے پر دونوں اقلیتی اراکین دوبارہ نشستوں پر بیٹھ گئے۔ صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ یہ معاملہ دوسرے صوبے کا ہے ہم اس معاملے وزیر اعلی سے بات کریں گے، ہم بندیا کماری کو جلد بازیاب کراکے ان گھر تک پہنچائیں گے۔ بی این پی عوامی کے رکن اسد بلوچ نے کہا کہ صو بے میں اقلیتی برادری کی لڑکی کا اغوا افسوس ناک ہے صوبے میں 120 ارب روپے خرچ ہونے باوجود امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہے۔ اجلاس میں بی این پی عوامی کے رکن اسد بلوچ نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی جانب مبذول کرائیں گے کہ ضلع پنجگور کے روڈز کے ترقیاتی اسکیموں خصوصاً وشبود بائی پاس تاعظمت شہید چوک گرمکان،عظمت شہید چوک تا تسپ،سورو و تاسر یکوران اور تسپ تا عیسیٰ بریج پر تقریباً80فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بقیہ 20فیصد کام تاحال نامکمل ہے واضح رہے کہ مذکورہ اسکیموں کے لئے صرف ایک ایک لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے باعث ان اسکیموں کی بروقت تکمیل عملاًناممکن ہے جبکہ ان اسکیموں کی مقررہ مدت بھی اختتام کے قریب ہے لہذا مذکورہ ترقیاتی اسکیمز کی تکمیل کی بابت محکمہ نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔ توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں صوبائی وزیر محکمہ مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ یہ معاملہ سی اینڈ ڈبلیو کا نہیں ہے، میں رکن اسمبلی کی جانب سے کی گئی تقریر سے متفق نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ محکمہ پی اینڈ ڈی اور فنانس کا ہے صوبے میں 300اسکیمات ایسی ہیں جن کے لیے کم رقم مختص کی گئی ہے اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی کوئٹہ واپسی پر ان سے ملاقا ت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو اس وقت 1200ارب روپے کی ضرورت ہے صوبے پر 100ارب سے زائد کا کٹ لگ رہا تھا تاہم وفاق نے بلوچستان پر ہاتھ نرم رکھتے ہوئے صرف 57ارب روپے کا کٹ لگایا۔ صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ موجودہ پی ایس ڈی پی کی رقم 1108ارب روپے بنتی ہے جبکہ صوبے کے پاس ترقیاتی مد میں 206ارب ہیں اور 902ارب کا تھرو فاروڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ایک اسکیم کی تکمیل کے لیے 9سال لگیں گے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سست رفتاراسکیمات کے فنڈز کو برق رفتار اسکیمات میں منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی منصوبے صوبے میں ہی بن رہے ہیں اس وقت بی ایس ڈی آئی کے کل 4ہزار منصوبے ہیں جن میں سے 21ارب سے زائد لاگت سے 2ہزار مکمل کیے جاچکے ہیں۔ بعدازاں توجہ دلاؤ نوٹس کو نمٹا دیا گیا۔اجلاس میں جمعیت علما ء اسلام کی رکن شاہد رؤف نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض کتابی علم کی فراہمی نہیں بلکہ بچوں کی علمی، اخلاقی ذہنی اورفکری نشوونما کے ساتھ ساتھ ان میں دینی شعور،مثبت اقدار اور کردار سازی کو فروغ دینا بھی ضروری ہے اس تناظر میں قرآن پاک کی تعلیمات اورا ن کے فہم کی اہمیت کو مد نظررکھتے ہوئے عربی زبان کی بنیادی تعلیم کو صوبے کے تعلیمی نظام کا حصہ بنانا ایک اہم تعلیمی رضرورت ہے چونکہ عربی زبان قرآن پاک کی زبان ہے اور عربی زبان کی بنیادی تعلیم بچوں کو قرآن پاک میں استعمال ہونے والے الفاظ اوراس کے مفہوم کوسمجھنے میں مدد فراہم کرسکتی ہے واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان کے بچوں کو ابتدائی تعلیمی مرحلے ہی سے بنیادی عربی زبان سیکھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے سے انکی دینی و لسانی استعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اورانہیں قرآن مجید کے عام استعمال ہونے والے الفاظ سے بتدریج روشناس کرایا جاسکتا ہے اس مقصد کے موثر حصول کیلئے محض نصاب میں مضمون شامل کرنا کافی نہیں بلکہ معیاری دینی درسی کتب،تربیت یافتہ اساتذہ مناسب تدریسی طریقہ کار،تعلیمی وسائل اور نفاذو نگرانی کے مربوط نظام کی فراہمی بھی ناگزیر ہے لہذایہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی عمر،ذہنی استعداد،جماعت اور تعلیمی ضروریات کو مد نظررکھتے ہوئے بنیادی عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پرمتعارف کرانے کے لئے اصولی فیصلہ کیا جائے اوراس مقصد کے لئے ضروری پالیسی،قانونی،انتظامی اور بنیادی عربی زبان کا آسان،معیاری اور جماعت وار نصاب مرتب کیا جائے نصاب میں عربی کے بنیادی الفاظ،قواعد اور قران مجیدکے عام الفاظ کے معانی شامل کئے جائیں اساتذہ کی تربیت اور معیاری درسی کرتب و تدریسی مواد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اوراس پروگرام کے نفاذکے لئے مناسب مرحلہ وار منصوبہ بندی کی جائے اوراسکی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ بلوچستان کے شہری اوردیہی علاقوں کے بچوں کو بنیادی عربی زبان سیکھنے کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔قرارداد پر بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ 2013میں بلوچستان میں مادری زبانوں میں تعلیم کا قانون بھی منظور ہوا تھا عربی کے ساتھ ساتھ اس قانون پر بھی عملدآمد کی جائے۔ صوبائی وزیر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ صوبے میں چھٹی سے آٹھویں کلاس تک عربی پڑھائی جاتی ہے جبکہ قرآن پاک کو ترجمے اور ناظرہ کے ساتھ پڑھانے کا قانون بھی منظور کرلیا گیا ہے۔ بعدازاں ایوان نے قرارداد منظور کرلی۔ اجلاس میں حق دو تحریک کے لیے مولانا ہدایت الرحمن نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہرگاہ کہ ملک میں نظام سرداری کے خاتمے اورشہریوں کو سرداری و قبائلی تسلط سے آزاد کرانے کے لئے 1976میں باقاعدہ قانون سازی کے ذریعے System of Sardari (Abolition)Act, 1976نافذ کیا گیا جس کا اطلاع پورے ملک پر ہوتا ہے اس قانون کا بنیادی مقصد سرداری نظام کے تحت قائم غیرقانونی اختیارات،جبر و استحصال اورایسے فرسودہ قبائلی طرز عمل کا خاتمہ کرنا تھا جو شہریوں کی آزادی،مساوات،خودمختاری اورقانونی حقوق کے منافی ہوں۔واضح رہے کہ انسانی آزادی،عزت نفس،خودمختاری اور اپنے جائز معاملات میں آزادانہ فیصلہ کرنے کا حق صرف قانونی و آئینی تقاضا ہی نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات اور شریعت مطہرہ کے بنیادی اصولوں سے بھی ہم آہنگ ہے اسلام انسان کو عزت و تکریم عطا کرتا ہے اوراسے اپنے جائز معاملات میں آزادانہ رائے اورفیصلہ کرنے کا حق دیتا ہے کسی فرد یا غیرقانونی جبر و دباو مسلط کرنا اس کی آزادانہ مرضی کے برخلاف فیصلے تھوپنا یا اس کے بنیادی حقوق سلب کرنا نہ صرف قانوناً قابل گرفت ہے بلکہ اسلامی اصول عدل،انسانی وقار اورشخصی آزادی کے بھی منافی ہے مذکورہ قانون کے نفاذ کے باوجود بلوچستان کے بعض علاقوں میں تاحال سرداری اورقبائلی ا ثرو رسوخ کے نام پر بعض شہریوں کومبینہ طور پردھمکیوں،دباؤ،جبری فیصلوں،معاشی و سماجی استحصال،ذاتی آزادیوں پر قدغنوں اورانصاف تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ System of Sardari (Abolition)Act.1976پر بلوچستان کے تمام علاقوں میں اس کی روح و منشا کے مطابق موثر اور بلاامتیاز عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔قرارداد کی موضونیت پر بات کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہم قبائلی نظام کے خلاف نہیں بلکہ سنڈیمن کے سرداری نظام کے خلاف ہیں جو عوام کو غلام بنانے کے لیے استعمال کیا جاتاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سرداروں کی نجی جیلیں ہیں، سراوان اور جھالاوان کے 140سردار اور نواب ملکر اسماء جتک کو انصاف اور ان کے والد کو بچا نہیں سکے ایک نواب کے فیصلے کے تحت اسکول بنانے والے شخص پر تین کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شخصی طور پر ہم کسی کے خلاف نہیں ہم قبائلی رہنماؤں کی عزت کرتے ہیں مگر ایسے واقعات ہوئے ہیں جس سے لوگوں کے حقوق سلب ہوئے ہیں آج بھی سماجی عدم مساوات کی وجہ سے بلوچ اپنی سرزمین ہر ہجرت کرتے اور اختیار نہیں رکھتے ہیں لوگ باغی ہوگئے ہیں ہمیں اس معاملے پر غور و فکر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے علمبردار اب دستبردار ہوں اور معاشرے میں برابری اور مساوات کی بنیاد رکھیں۔مسلم لیگ(ن) کے رکن زرک مندوخیل نے کہا کہ وہ قرارداد کی مخالفت کرتے ہیں ایسے نواب، سردار ہمارے درمیان موجود ہیں جو لوگوں کے مسائل حل کرتے، انہیں اپنے خرچ پر تعلیم دلواتے ہیں جو پاکستان کے خلاف اور ظلم کرتا ہے ہم اس کے خلاف ہیں۔ قائد حز ب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں انکے اور مولانا ہدایت الرحمن کے درمیان تلخی ہوئی بحیثیت اراکین ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں میں نے مولانا کی کسی بھی بات کا جواب نہیں دیا اسمبلی کی باتوں پر پریس کانفرنس کرنا اور گالم گلوچ پر اتر آنا کسی بھی صورت مناسب عمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور جمعیت علما ء اسلام کے بہت سے اراکین نوابوں،سرداروں کا نہ صرف مقابلہ کرتے آرہے ہیں بلکہ قربانیاں بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی قاتل اور ظالم کی حمایت نہیں کی۔ کیا نواب اسلم رئیسانی کے دورمیں بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ نہیں ملا؟۔ انہوں نے کہا کہ اسماء جتک کے معاملے میں جمعیت علما ئاسالم کے وڈیرہ سرور، کامران جتک، مولانا امان اللہ کو شہید کیاگیا ہم نے ہمیشہ اس معاملے کو اٹھا یے کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ جمعیت علماء اسلام کو بتائے کہ ہم کیا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی مولانا ہدایت الرحمن سے نہیں کہا کہ وہ اپوزیشن اور انکی جماعت کا دوسرا رکن حکومت میں ہے ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ تمام مسائل کا حل ہے۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صمد گورگیج نے کہا کہ ہمارے اباؤ اجداد نے ملک میں شمولیت اختیار کی آج نام نہاد لوگوں کی وجہ سے نوجوان پہاڑوں پر ہیں ہمیں نوجوانو ں کو روزگار فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہونگے۔ جمعیت علماء اسلام کے رکن ڈاکٹر نواز کبزئی نے کہا کہ کوئی ایسا نواب سردار نہیں جو اپنے علاقے میں ترقی نہیں چاہتا یا اسکول قائم نہیں ہونے دیتا۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے 100،100قتل کے فیصلے کیے ہیں کچھ بدبو دار لوگ بھی ہیں جو ظلم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیاپر ہمارے بیانات کو لوگوں کی تصاویر لگا کر ان سے منسوب کردیا جاتا ہے آج بھی اسماء جتک کے خاندان کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں ہم ظلم کرنے والوں کے خلاف ہیں۔ جمعیت علما ء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی نے کہا کہ وظالم ہوگا اور ظلم کریگا ہم اس کے خلاف ہیں ظلم کرنے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ اس موقع پر قرارداد کی منظوری کے لئے ایوان میں رائے شماری کی گئی جس میں 5اراکین نے قرارداد کی حمایت جبکہ 6نے مخالفت کی جس کے بعد قرارداد کو مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل پارٹی کی رکن کلثوم نیاز بلوچ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کہ ہرگاہ کہ کوئٹہ اورسکھر کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو آمدورفت کے سلسلے میں طویل زمینی سفر کرنا پڑتا ہے جس کے باعث قیمتی وقت کا ضیاع بالخصوص مریضوں،بزرگ شہریوں،طلباء، سرکاری ملازمین،تاجروں اوردیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ عوامی مفاد اورسفری ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے کوئٹہ تا سکھر اورسکھر تا کوئٹہ براہ راست پروازوں کے اجراء کے لئے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے تاکہ عوام کو تیزرفتار آسان اور محفوظ سفر کی سہولت میسرآسکے۔قرارداد کی موضونیت پر بات کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری شہناز عمرانی نے کہا کہ دور داز علاقوں میں سفر کرنا مشکل ہوتا جارہاہے مریضوں کو بھی مشکلات لاحق ہوتی ہیں جبکہ سکھر نصیر آباد سے قریب ہے لہذا عوام کو سفری سہولیات مہیا کی جائیں۔ نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم بلوچستان کے طول و عرض پر موٹر سائیکلوں پر جایا کرتے تھے یہ قرارداد دراصل خوف کا عالم اور بلوچستان کے معروضی حالات کو بیا ن کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حالات ٹھیک ہوں تو اسکی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتنے امیر نہیں کہ 50ہزار کاٹکٹ لیکر سفر کریں۔ ابھی اجلاس جاری تھا کہ مولانا ہدایت الرحمن نے کورم کی نشاندہی کردی جس کے بعد اسمبلی کااجلاس پیر کی سہ پہر تک ملتوی کردیا گیا۔
بلوچستان میں سرداری نظام کے خاتمے کی قرار داد مسترد

