قلات(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کا ارباب ٹرمینل نیواڈہ کا تفصیلی دورہ، عوامی سہولیات اور ٹرمینل کی فعالی کے اقدامات کا جائزہ۔دورے کے موقع پر قبائلی رہنماء ارباب میر احمد دہوار نے ڈپٹی کمشنر کو ٹرمینل کا دورہ کرایا اور وہاں مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ ٹرمینل میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ ویٹنگ رومز، ڈرائیور حضرات کے لیے ضروری سہولیات، پینے کے صاف پانی کی دستیابی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے ارباب میر احمد دہوار کے اس عوام دوست اور قابلِ تحسین اقدام کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے عوام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور مسافروں کو باعزت، محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ارباب ٹرمینل کا قیام اور اس میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ ویٹنگ رومز سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ایسے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے علاقے کی ترقی اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے ایسے مثبت اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی اور ٹرمینل کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے اور مقامی شخصیات کی جانب سے عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ قدر ہیں اور ایسے اقدامات سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے،انجینئر عائشہ زہری

ٹیگز:
انجینئر عائشہ زہری
