کوئٹہ (پ ر)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوئٹہ کے ذمہ دار عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس زونل سیکرٹری وارث افغان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، ضلع کوئٹہ میں تنظیم کو مزید فعال و منظم بنانے، طلبہ کے مسائل، سیاسی و نظریاتی تربیت اور آئندہ کے تنظیمی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشتونخوا ایس او ضلع کوئٹہ کا ضلعی کانفرنس 10 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض پشتونخوا ایس او کے اطلاعات سیکرٹری وحدت افغان نے انجام دیے۔اجلاس سے پشتونخوا ایس او کے صوبائی سیکرٹری وارث افغان، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی نے خطاب کیا، جبکہ اجلاس میں پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹیو کے اراکین ندا سنگراور رزاق بڑیچ، ضلعی ایگزیکٹیو کے اراکین عصمت ترین، نور آغا، عبداللہ آغا اور محمد رسول ترین، جبکہ پشتونخوا ایس او کی صوبائی ایگزیکٹیو کے اراکین سید بایزید آغا، زوہیب کبزئی، حلیم لویال، زرمینہ خپلواک، شفیق دلشان اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشتونخوا ایس او پشتونخوا قومی تحریک کی ایک اہم طلبہ تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد طلبہ میں قومی، سیاسی، جمہوری، ترقی پسند اور روشن خیال شعور کو فروغ دینا، تعلیمی اداروں میں طلبہ کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کرنا اور نوجوان نسل کو علم، تحقیق، سیاسی آگہی اور قومی ذمہ داریوں سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد اس کی باشعور، تعلیم یافتہ اور منظم نوجوان نسل پر ہوتی ہے، اس لیے طلبہ کی فکری و نظریاتی تربیت اور انہیں اجتماعی جدوجہد کے اصولوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مقررین نے کہا کہ تعلیمی ادارے محض تعلیم حاصل کرنے کے مراکز نہیں بلکہ شعور، تحقیق، تنقیدی فکر، برداشت، جمہوری اقدار اور سماجی ذمہ داریوں کو فروغ دینے کے اہم ادارے بھی ہیں۔ طلبہ کو درپیش تعلیمی مسائل کے حل، تعلیمی سہولیات کی فراہمی، میرٹ کے تحفظ، تعلیمی اداروں میں جمہوری ماحول کے قیام اور نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے منظم اور مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتونخوا ایس او طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیمی استحکام کے لیے آئین و منشور کی پابندی، تنظیمی اداروں کے فیصلوں کا احترام، کارکنوں کے درمیان باہمی اعتماد، نظم و ضبط، ذمہ داریوں کی ادائیگی اور تنظیمی سرگرمیوں میں تسلسل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط طلبہ تنظیم کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ کارکنان اپنی صلاحیتوں کو تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے بروئے کار لائیں، طلبہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں اور تعلیمی اداروں میں تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے ضلعی کانفرنس کے انعقاد کو تنظیمی عمل کا اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کانفرنس کے ذریعے تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لینے، آئندہ کی ترجیحات متعین کرنے اور تنظیم کو مزید فعال و منظم بنانے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ اس سلسلے میں کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کانفرنس کی تیاریوں کے لیے اپنی تنظیمی ذمہ داریاں پوری کریں اور طلبہ کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طلبہ کے جمہوری، تعلیمی اور بنیادی حقوق کے تحفظ، نوجوانوں میں قومی و سیاسی شعور کی بیداری اور ایک ترقی پسند، روشن خیال اور جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔


