کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کے شہریوں کو معیاری، آسان اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پی پی ایچ آئی بلوچستان نے صحت دہلیز (Sehat Dehleez) ٹیلی ہیلتھ ایپ متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے طبی مشاورت تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔صحت دہلیز ایپ کے ذریعے شہری 24 گھنٹے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشاورت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت صوبے کے مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد کو گھر بیٹھے ڈاکٹر سے رابطے، عام بیماریوں کے علاج سے متعلق رہنمائی اور صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ ایپ کے ذریعے ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق مشاورت، عام بیماریوں کی رہنمائی اور صحت سے متعلق آگاہی کے لیے بھی سہولیات دستیاب ہیں۔اس اقدام کے تحت بلوچستان کے شہریوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے طبی رہنمائی فراہم کرکے علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے، غیر ضروری سفری مشکلات کم کرنے اور صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ صحت دہلیز ایپ بالخصوص ان علاقوں کے رہائشیوں کے لیے اہم سہولت ہے جہاں طبی مراکز تک رسائی میں دشواری کا سامنا رہتا ہے۔پی پی ایچ آئی بلوچستان کے اس اقدام کا مقصد صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر، آسان اور عوام دوست بنانا ہے تاکہ صوبے کے شہری جدید ڈیجیٹل نظام سے مستفید ہو سکیں۔ شہری صحت دہلیز کی ویب ایپ اور اینڈرائیڈ ایپ کے لیے فراہم کردہ کیو آر کوڈز اسکین کرکے اس سہولت تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔صحت دہلیز ٹیلی ہیلتھ ایپ بلوچستان میں ڈیجیٹل صحت کے فروغ اور معیاری طبی مشاورت کو عوام کی دسترس میں لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پی پی ایچ آئی بلوچستان نے صحت دہلیز (Sehat Dehleez) ٹیلی ہیلتھ ایپ متعارف کرادی

ٹیگز:
پی پی ایچ آئی بلوچستان
