کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر کی عارضی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کے تناظر میں عوام کو حقائق سے آگاہ رہنا چاہیے۔ بارڈر کی عارضی بندش کا بنیادی مقصد دونوں اطراف سکیورٹی خدشات کا ازالہ، اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک مربوط نظام وضع کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سرحدی انتظامات کو بہتر بنانے اور متعلقہ مسائل کے حل کے لیے دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام کے درمیان مثبت پیش رفت جاری ہے۔ انتظامی معاملات کو درست خطوط پر استوار کرنے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پاک ایران بارڈر جلد کھلنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی نظام کو مؤثر اور مربوط بنانے سے نہ صرف اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں بھی پیش رفت ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ قانونی تجارت سے وابستہ تاجروں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا ہوگا۔ شاہد رند نے کہا کہ سرحدی امور سے متعلق انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کا مقصد تجارت میں غیر ضروری مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ سرحدی نظام کو منظم، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے عوام اور متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے مستند معلومات پر اعتماد کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری مثبت پیش رفت کے نتیجے میں سرحدی معاملات میں بہتری آئے گی، اسمگلنگ اور بدامنی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور تاجروں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔
پاک ایران بارڈر کی عارضی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں صداقت نہیں، شاہد رند

ٹیگز:
شاہد رند
