کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں خیبر پشتونخوا میں آئینی،سیاسی، جمہوری احتجاج روکنے کے لیے غیر آئینی وغیر قانونی اقدام، ملکی آئین، جمہوری اصولوں اور وفاق پاکستان کے روایات کی کھلی خلاف ورزی گردانتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔اور پارٹی کے محبوب چیئرمین،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے احتجاج کے اعلان پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں 14اکتوبر کو احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ اور اسی سلسلے میں 13اکتوبر بروز منگل کو دوپہر 12بجے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل اتحادی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں 14اکتوبر کو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کی تیاریوں اور لائحہ عمل طے کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر خیبر پشتونخوا سے ایمرجنسی، گورنر راج کا خاتمہ کیا جائے اور صوبے میں قانونی حکومت کی بحالی ہو اور ملک کے اس بحرانی صورتحال کا مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔ زراور زبردستی کو جاری رکھنے کے نتائج بھیانک ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ حکومت پر عائد ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی امور افراد واشخاص کی ذاتی مالی مفادات اور غیر آئینی اقتدار کو جاری وساری رکھنے کے لیے ملک کے آئینی ڈھانچے، عدلیہ کی آزادی کا خاتمہ، میڈیا اور اس کے جہانی اہمیت وضرورت کو پائمال کرتے ہوئے ملکی آئین کی مکمل بے توقیری سے دنیا کے سامنے ملک کی حیثیت جہانی مقام و وقار داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری 2024کے الیکشن میں جس بھونڈے،زروزور، وحشت اور دہشت سے نتیجہ تبدیل کیا گیا اور خیبر پشتونخوا کی پی ٹی آئی کارکنوں نے نشان کے بغیر پارٹی کی عوامی اہمیت اور اپنی حیثیت ثابت کی۔ لیکن آج ان کی تاریخی جیت اور عوامی مینڈیٹ اختیار واپس لینے کے لیے جو غیر آئینی، غیر جمہوری اور وفاقیت کے انٹرنیشنل اصولوں کو جس طرح پائمال کیا گیا ہے جس سے سخت ترین مایوسی،بدترین افراتفری اور سیاسی عدم استحکام اور سخت ترین انتشار پیدا کیا گیا ہے۔ تباہی وبربادی اور ملک کی اس بحرانی صورتحال میں ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری،غربت اپنے عروج پر ہیں تمام ملک میں گیس، بجلی، پینے کے صاف پانی،علاج ومعالجے، صحت اور تعلیم سے محرومی کا سامنا ہے، ملکی ادارے مفلوج ہوچکے ہیں تمام ملک میں فارم47کے غیر منتخب نمائندے کرپشن، رشوت اور پرسنٹ بٹورنے میں مصروف ہیں۔ مسلط غیر منتخب نمائندہ غیر جمہوری قوتوں کے خلاف ملک کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے اور ہر جمہوری فرد، جمہوری سیاسی پارٹیوں، جمہوری وطن دوست قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک پر مسلط ٹولے اور انہیں مسلط کرنے والوں کے خلاف احتجاج اور بھرپور آواز بلند کی جائے۔

