لاہور (ڈیلی گرین گوادر) قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے دھرنے کے آٹھویں روز لاہور بھر سے آنے والی ہزاروں خواتین، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم اور عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف ہماری جدوجہد مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور بنیادی سہولتوں سے محرومی کا شکار ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں اور مراعات میں مگن ہیں۔ عوام ٹیکس دیتے ہیں مگر حکمران عوام کی خدمت کے بجائے اپنی جیبیں بھرتے اور عوام کے پیسوں سے بننے والی سڑکوں اور اسپتالوں پر اپنے نام لکھواتے ہیں۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حکمرانوں نے پنجاب کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے، جنوبی پنجاب پانی کی شدید قلت کا شکار ہے جبکہ طلبہ، مزدور اور عام شہری مختلف شکلوں میں ناجائز وصولیوں اور استحصال کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے پاکستان کو اشرافیہ اور غربا کے دو مختلف پاکستانوں میں تقسیم کر دیا ہے۔انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ اگر اسلام آباد مارچ کا مرحلہ آیا تو خواتین اپنے بھائیوں کی بھرپور پشت پناہی کریں گی۔ عوام اب اپنے حقوق کا حساب مانگ رہے ہیں اور اپنے جائز مطالبات کی منظوری تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔لاہور کی خواتین نے ثابت کر دیا کہ قوم کا ضمیر زندہ ہے: ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور بھر سے ہزاروں خواتین کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام اب ظلم، مہنگائی اور ناانصافی کے خلاف خاموش رہنے کے لیے تیار نہیں۔انہوں نے دھرنے کو کامیاب بنانے پر اہلِ لاہور، بالخصوص ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، طالبات، کارکنان اور انتظامی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بے مثال حاضری، مثالی نظم و ضبط اور استقامت نے اس دھرنے کو ایک طاقتور عوامی پیغام بنا دیا ہے۔عظمیٰ عمران نے کہا کہ لاہور کی خواتین نے اپنے بھرپور جذبے سے ثابت کر دیا ہے کہ جب قوم کی مائیں اور بیٹیاں اپنے حقوق اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے میدان میں آتی ہیں تو تبدیلی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ یہ جدوجہد حق کی فتح تک جاری رہے گی۔ دھرنے میں لاہور بھر کی ہزاروں خواتین طالبات بچے پورے جوش و جذبے سے رات کی تاریکی میں بھی موجود رہے اور دھرنے کی جگہ کو رونق گاہ بنایا
عوام کی کمائی پر عیاشی کے محل اب نہیں چلیں گے، لاہور اٹھ کھڑا ہوا ہے! ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
