قلات (عمران علی زئی سے) ہندو محلہ میں ہندو برادری کی جانب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات، نواب زادہ میر شعیب جان زہری کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ہندو برادری قلات کے سربراہ مہاراج گھنشام داس، جنرل اقلیتی کمیٹی کے رہنما سرجیت کمار، نانک چند، مکیش کمار، پرشوتم لال، پپو لال اور دیگر نے نواب زادہ میر شعیب جان زہری کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کے دوران قلات کی ترقی، عوامی مسائل، مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نواب زادہ میر شعیب جان زہری نے مہاراج گھنشام داس اور دیگر معززین کا ٹی پارٹی کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہاراج گھنشام داس نے ہمیشہ قلات میں مختلف برادریوں کے درمیان باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلات کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن تمام برادریوں کے اتحاد، اتفاق اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلات مذہبی رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کی روشن مثال ہے۔ میونسپل کمیٹی بلاامتیاز تمام طبقات کی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ اس موقع پر سردار عزت خان پندرانی، سردارزادہ میر جہانزیب جتک، عبدالغفور لاشاری، عبدالرشید نیچاری، قاری غلام مصطفیٰ نیچاری، فضل رحمانی اور کامریڈ محمد قاسم عمرانی بھی موجود تھے۔
ہندو برادری کی جانب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات، نواب زادہ میر شعیب جان زہری کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا اہتمام

