کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے گزر رہا ہے، جن سے نکلنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، امن و امان کی خراب صورتحال اور بنیادی سہولیات کی کمی سے شدید پریشان ہیں، لہذا حکومت کو عوامی مسائل کے حل پر فوری اور سنجیدہ توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں جمہوری روایات، آئین و قانون کی حکمرانی، شفاف احتساب، انصاف کی فراہمی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔پارٹی ملک کے تمام اداروں کے درمیان آئینی حدود میں رہتے ہوئے باہمی تعاون اور قومی مفاد کو مقدم رکھنے کی حامی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کیا جائے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طرزِ حکمرانی، میرٹ، انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے لیے مثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہر سطح پر عوام کی آواز بن کر جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی اور ملک میں سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی، قومی یکجہتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی سے نجات حکومت کی ذمہ داری ہے، پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
پروفیسر حلیم صادق
