کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ ضلع شیرانی بچاؤ تحریک میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ایک کلیدی، مؤثر اور تاریخی کردار ادا کیا، اور پارٹی کی مسلسل سیاسی جدوجہد، عوامی رابطہ مہم اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں ضلع شیرانی اپنی آئینی، انتظامی اور تاریخی حیثیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہمیشہ پشتون وطن کے اضلاع، علاقوں، وسائل، جغرافیائی وحدت اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اس جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ضلع شیرانی کے عوام، قبائلی مشران، سیاسی و سماجی شخصیات اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، اتفاقِ رائے، سنجیدہ مشاورت اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ضلع ہیڈکوارٹر کے مسئلے پر متفقہ فیصلہ کریں تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی، اضطراب اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ باہمی اختلافات اور انتشار کسی بھی صورت عوامی مفاد میں نہیں بلکہ اس سے صرف عوامی مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ضلع شیرانی کے مختلف قبائل، عمائدین، سیاسی نمائندوں اور سماجی شخصیات پر مشتمل ایک اہم وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضلع شیرانی کے وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے ملک امان اللہ خان ہریپال، ملک زکریا خان شیرانی، ملک عبدالکریم شیرانی، ملک فضل الرحمٰن شیرانی، حاجی عصمت اللہ شیرانی، ملک حیات گل شیرانی، ذوالفقار شیرانی، مسلم لیگ (ن) کے عبدالوہاب شیرانی اور پاکستان تحریک انصاف کے وہاب خان شیرانی شامل تھے۔ وفد نے پارٹی قیادت کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع شیرانی کا قیام سن 2006 میں عمل میں لایا گیا تھا اور اسی وقت ستنہ و راغہ جو میرعلی خیل روڈ پر واقع ایک اہم اور اسٹریٹیجک مقام ہے، کو باضابطہ طور پر ضلعی ہیڈکوارٹر مقرر کیا گیا تھا۔ وفد نے بتایا کہ مذکورہ مقام سے ٹانک کا فاصلہ محض 70 کلومیٹر ہے، جس کی وجہ سے یہ انتظامی اور جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ وفد نے مزید بتایا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر کے قیام کے بعد وہاں اربوں روپے کی لاگت سے مختلف سرکاری ادارے، دفاتر اور بنیادی سہولیات قائم کی گئیں، جن میں ڈپٹی کمشنر آفس، ڈی سی ریزیڈنس، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او)، مختلف کالجز، اسپورٹس کمپلیکس، تعلیمی ادارے، انتظامی دفاتر اور دیگر اہم سرکاری تنصیبات شامل ہیں۔ ان اداروں کے قیام کا مقصد ضلع شیرانی کے عوام کو ایک ہی مقام پر انتظامی، تعلیمی، طبی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔ وفد نے کہا کہ حسن خیل قبائل نے ضلعی ہیڈکوارٹر کے قیام کیلئے تقریباً پانچ ہزار ایکڑ اراضی فراہم کی تھی، جو ضلع کی ترقی اور عوامی مفاد کیلئے ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام تھا۔ وفد نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ اتنے بڑے عوامی تعاون، تاریخی پس منظر اور وسیع سرکاری سرمایہ کاری کے باوجود آج ضلعی ہیڈکوارٹر کو متنازعہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف عوامی مفادات کے خلاف ہیں بلکہ اس سے ضلع کے انتظامی معاملات، ترقیاتی عمل اور عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ ستنہ و راغہ کو باضابطہ اور مستقل طور پر ضلع شیرانی کے ہیڈکوارٹر کے طور پر فعال رکھا جائے تاکہ اس حوالے سے جاری بے چینی، افواہوں اور عوامی تشویش کا خاتمہ ہو سکے اور ضلع کے عوام کو مزید اضطراب اور غیر یقینی صورتحال سے نجات مل سکے۔ اس موقع پر نصراللہ خان زیرے نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفد کے تمام معروضات، تحفظات اور تجاویز کو انتہائی سنجیدگی اور غور سے سنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں اور ضلع شیرانی کی پارٹی قیادت کے سامنے وفد کے نکات اور تحفظات رکھے جائیں گے تاکہ باہمی مشاورت کے ذریعے ایک مثبت اور قابلِ قبول حل نکالا جا سکے اور ضلع شیرانی کے عوام کو مطمئن کیا جا سکے۔
عوامی رابطہ مہم اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں ضلع شیرانی اپنی آئینی، انتظامی اور تاریخی حیثیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا : نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
