چمن (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے چمن میں جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن سمیت تمام پشتون عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، باڈر ٹریڈ کی بندش کی پشتون دشمن پالیسی کا مقصد پشتونوں کو اپنے وطن میں اپنے وسائل، معدنیات سے محروم رکھ کر انہیں محنت مزدوری پر مجبور کرکے نان شبینہ کامحتاج بنانا ہے۔ چمن، کدنی پشین، بادینی، قمر الدین کاریز، غلام جان بندر، انگور اڈہ،طور خم، ناواپاس (باجوڑ) ودیگر تجارتی راستوں اور خصوصاً تاریخی طور پر ڈیورنڈ لائن پر صدیوں سے جاری آمدورفت کو بند کرنے تمام پشتون وطن میں روزگارکاخاتمہ کیا گیا پشتونخواملی عوامی پارٹی آج بھی یہی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر ڈیورنڈ لائن کے تمام تجارتی راستوں کو کھول کر صدیوں سے جاری آمدوفت وتجارت کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انگریزوں کے ہاتھوں انتظامی طو رپر تقسیم کردہ پشتون(خیبر پشتونخوا،برٹش بلوچستان کے پشتون علاقے، اٹک اور میانوالی) علاقوں پر مشتمل ایک خودمختارقومی وحدت پشتونستان کے نام سے بنائی جائے اورملک میں متصل پشتون علاقوں کو یکجا کرکے اس قومی صوبے میں پشتون سرزمین کے وسائل پر ان کے بچوں کا حق ملکیت وحق حاکمیت تسلیم کیا جائے اور اس دو قومی پشتون بلوچ مشتر کہ صوبے بلوچستان کے ہر شعبہ زندگی میں پشتون بلوچ سیال اقوام کی برابری کا تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بحیثیت قوم اس ملک میں انتہائی مشکلات سے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں انہیں کاروبار، ہوٹلز، تجارت، روزگار کے لیے نہیں چھوڑا جاتا، کسٹم،ایکسائز اور دیگراداروں کے چھاپوں کی پشتون تجارتی مراکز،مارکٹیوں پر چھاپے اور انہیں کرورڑوں، اربوں روپے کے نقصانات سے دوچار کرنا قابل مذمت اورقابل گرفت ہے۔ پارٹی کارکنان اپنے عوام کو درپیش صورتحال سے نجات کے لیے پارٹی کے محبو ب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری جدوجہد کو تیز کرے، اپنے تنظیم کو مضبوط وفعال بناکر جاری قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کو تقویت بخشے اور جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں دن رات محنت کرکے عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی بھرپور دعوت دیں۔تحصیل روغانی کمیٹی اور تحصیل بوغرہ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کی۔ منعقدہ اجلاسوں سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، ضلع قائمقام سیکرٹری جمال خان اچکزئی،تحصیل بوغرہ سیکرٹری ظہور احمد اچکزئی اور تحصیل سینئر معاون سیکرٹری احمد زئی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری صلاح الدین خان ناظم، صوبائی ایگزیکٹیوز اقبال خان بٹے زئی، حفیظ ترین اور چمن ضلع کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔
پشتون سرزمین کے وسائل پر ان کے بچوں کا حق ملکیت وحق حاکمیت تسلیم کیا جائے : عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
