کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیاسی شعور، قومی حقوق سے آگاہی اور نئی نسل کی فکری رہنمائی ہماری سیاسی اکابرین اور پرنٹ میڈیا کی مرہون منت ہے۔ سیاسی رہنماؤں، قلم کاروں اور خصوصاً صحافیوں نے ہر دور میں قومی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے عوام اور نوجوان نسل کو مستقبل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔ ان خیالات کا اظہار پرنٹ میڈیا کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سید انور شاہ کی قیادت وفد کی اس موقع پر ڈاکٹر ناشناس لہڑی اور سردار شاہ زمان پیرکانی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا یہ پختہ یقین ہے کہ میڈیا چائے وہ پرنٹ میڈیا ہو یا الیکٹرانک مستقبل میں بھی قومی مسائل، عوامی حقوق اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی ہر سطح پر مذمت کرے گی اور اس حوالے سے سخت عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بلوچستان کو ہر معاملے میں تختہ مشق بنایا ہوا ہے، جس کے باعث صوبے کی مجموعی صورتحال روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے پرنٹ میڈیا سے متعلق کابینہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے پرنٹ میڈیا اور صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس سے قبل وفد نے ڈاکٹر اسحاق بلوچ کو پرنٹ میڈیا کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے اور اس کے ممکنہ مضمرات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کی مخالفت کریں گے، ڈاکٹر اسحاق بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹر اسحاق بلوچ
