لاہور (ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر میڈیا سیل اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی روح اور عوامی رائے کی حقیقی ترجمان ہوتی ہے۔ ایک بیدار صحافت ہی معاشرے میں اصلاح، انصاف اور احتساب کی راہ ہموار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافت کا بنیادی فریضہ حقائق کو بغیر کسی خوف اور لالچ کے عوام تک پہنچانا ہے۔ بدقسمتی سے آج صحافیوں کو دباؤ، دھمکیوں اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جس سے آزادی اظہار متاثر ہو رہی ہے۔ خاص طور پر خواتین صحافیوں کو میدانِ عمل میں دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ثمینہ سعید نے صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیشے سے مخلص رہیں اور *دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو کسی سیاسی، نظریاتی یا گروہی جھکاؤ سے بالاتر ہو کر صرف سچ اور انصاف کا ساتھ دینا چاہیے۔ قلم کی طاقت کو معاشرے کی اصلاح، مظلوموں کی آواز اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے استعمال کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور میڈیا پر عائد غیر ضروری پابندیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جماعت اسلامی خواتین ہمیشہ آزادی صحافت، حق و سچ اور مظلوموں کی آواز کے ساتھ کھڑی ہے اور صحافی برادری کی جائز جدوجہد میں ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔
“صحافت کا اصل مقصد حق و انصاف کی حقیقی ترجمانی اور خیر کے فروغ کی جدوجہد ہے ` ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
