عالمی یومِ صحافت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ صحافت محض خبر رسانی کا ذریعہ نہیں بلکہ سچ کی حفاظت اور عوامی شعور کی بیداری کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ یہ دن دنیا بھر میں اُن صحافیوں کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، جنہوں نے ہر طرح کے دباؤ اور خطرات کے باوجود سچ کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ مگر بلوچستان کے تناظر میں یہی دن ایک سنجیدہ سوال بن کر سامنے آتا ہے کہ کیا یہاں صحافت واقعی محفوظ اور مستحکم ہے؟
بلوچستان میں حالیہ عرصے میں میڈیا سے متعلق جو پالیسیاں زیرِ بحث ہیں، خصوصاً ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے نام پر کیے جانے والے اقدامات، ان کے اثرات پرنٹ میڈیا کے لیے تشویشناک دکھائی دیتے ہیں۔ بظاہر انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا جا رہا ہے، مگر حقیقت میں یہ خدشہ پیدا ہو رہا ہے کہ کہیں یہ اقدامات روایتی اخبارات کو بتدریج کمزور کر کے انہیں منظر سے ہٹانے کا ذریعہ نہ بن جائیں۔یہ حقیقت نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ ایک اخبار صرف چند صفحات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل نظام ہوتا ہے۔ اس کے پیچھے رپورٹرز، سب ایڈیٹرز، ایڈیٹرز، ڈیزائنرز، کمپوزرز، پرنٹنگ پریس کے کارکنان، سرکولیشن اسٹاف اور اخبار فروشوں کی ایک پوری زنجیر ہوتی ہے۔ یہ تمام افراد مل کر نہ صرف خبریں عوام تک پہنچاتے ہیں بلکہ معاشرے میں فکری رہنمائی کا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔ اگر یہ نظام متاثر ہوتا ہے تو اس کے اثرات صرف ایک ادارے تک محدود نہیں رہتے بلکہ ہزاروں خاندانوں کی معاشی حالت بھی اس سے جڑی ہوتی ہے۔بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کو درپیش معاشی مشکلات پہلے ہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ یہاں نہ بڑی صنعتیں موجود ہیں اور نہ ہی فیکٹریاں، جس کے باعث پرائیویٹ اشتہارات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اخبارات کا زیادہ تر انحصار سرکاری اشتہارات پر ہوتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کلاسیفائیڈ اشتہارات، جن میں تلاشِ گمشدگی، ملازمت، جائیداد، حق نامہ، قانونی نوٹس، درستگی یا تردیدی اعلانات اور دیگر عوامی نوعیت کے اشتہارات شامل ہوتے ہیں، وہ بھی اکثر لوگ اخبار کے دفاتر یا ایڈیٹرز کے نمبرز تلاش کر کے مفت شائع کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس عمل کے باعث اخبارات کی وہ معمولی آمدن بھی متاثر ہو جاتی ہے جو ایسے اشتہارات سے حاصل ہو سکتی تھی۔
ایسے حالات میں جب نجی اشتہارات نہ ہونے کے برابر ہوں اور کلاسیفائیڈ اشتہارات سے بھی خاطر خواہ آمدن حاصل نہ ہو رہی ہو، تو اگر سرکاری اشتہارات کو بھی محدود کر دیا جائے، تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ مقامی اخبارات کے لیے اپنی بقا برقرار رکھنا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔یہاں ایک اور اہم سوال بھی جنم لیتا ہے کہ دیگر صوبوں میں پرنٹ میڈیا کے لیے مختص فنڈز اربوں روپے تک پہنچتے ہیں، جبکہ بلوچستان میں یہی فنڈز چند کروڑ تک محدود ہیں۔ یہ رقم نہ صرف ضروریات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے بلکہ اسے بجا طور پر “اونٹ کے منہ میں زیرہ” کہا جا سکتا ہے۔ مزید تشویشناک پہلو یہ ہے کہ اس محدود فنڈ کا بڑا حصہ بھی مقامی اخبارات کے بجائے قومی سطح کے بڑے اخبارات کو چلا جاتا ہے، جس کے باعث بلوچستان کے لوکل اخبارات کو وہ سہارا نہیں مل پاتا جس کے وہ اصل حقدار ہیں۔
نتیجتاً مقامی میڈیا، جو اس خطے کے مسائل اور عوام کی حقیقی آواز ہے، مزید کمزور ہوتا جا رہا ہے، جبکہ وسائل کا بڑا حصہ ان اداروں کو مل رہا ہے جو پہلے ہی نسبتاً مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ یہ عدم توازن نہ صرف ناانصافی کو جنم دیتا ہے بلکہ صوبے کے اندر صحافتی ڈھانچے کو بھی متاثر کرتا ہے۔اگر کوئی اخبار مالک اپنی مرضی سے کسی رپورٹر کو اپنے ادارے میں شامل بھی کر لے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اسے خود بخود صحافتی برادری میں مکمل قبولیت حاصل ہو جائے یا اسے پریس کلب کوئٹہ کی ممبرشپ مل جائے۔ یہاں صورتحال یہ ہے کہ ممبرشپ کے سخت اور محدود طریقہ کار کی وجہ سے اکثر نئے اور ابھرتے ہوئے صحافی اسی مرحلے پر رک جاتے ہیں اور باضابطہ صحافتی پلیٹ فارم تک ان کی رسائی نہیں ہو پاتی۔ نتیجتاً وہ مرکزی صحافتی دھارے سے باہر رہ جاتے ہیں، جہاں سے اصل شناخت اور نمائندگی ملتی ہے۔ مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ پریس کلب کوئٹہ میں مجموعی ممبران کی تعداد بمشکل 130 کے لگ بھگ ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں یہی صحافتی ادارے ہزاروں ممبران پر مشتمل وسیع نیٹ ورک رکھتے ہیں۔ یہ فرق صرف اعداد و شمار کا نہیں بلکہ صحافتی مواقع، نمائندگی اور نوجوان صحافیوں کے مستقبل کے درمیان ایک واضح خلیج کی نشاندہی کرتا ہے، جو یہاں کے صحافتی نظام پر ایک سنجیدہ سوالیہ نشان چھوڑ دیتا ہے۔
عالمی یومِ صحافت اور بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کا مستقبل ….. تحریر: اسرار محمد کھیتران

ٹیگز:
یومِ صحافت
