کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل کچلاغ کمیٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری ملک نادر کاکڑ کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر، ضلع ایگزیکٹیو ظفرخان بازئی نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی کی سیاسی تنظیمی امور سے متعلق رپورٹس پیش کی گئی جس کا جائزہ لیا گیا اور بعد ازاں اس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری رحمت ناصر نے سرانجام دی ۔ اجلاس میں سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدترین مہنگائی اور سخت ترین بیروزگاری کی ذمہ دار فارم 47کی حکومت ہے، اس وقت بدامنی، چوری ڈکیتی، لاقانونیت عروج پر پہنچ چکی ہے،عوام جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر ہے جبکہ کوئی سیکورٹی کے ذمہ دار صرف عوام ناکوں پر عوام کو تنگ کررہے ہیں، غیر قانونی،بلاجواز، معزز شہریوں کی تلاشیاں انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔عوام کو اس وقت بجلی، گیس، پینے کا صاف پانی میسر نہیں، روزگار کے دروازے بندکردیئے گئے ہیں، تجارت، کاروبار، باڈر ٹریڈ پر قدغن لگا نے کا مقصد صرف پشتون عوام کو حلال روزی کمانے سے روک کر انہیں ملک بھر میں مزدوری پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کے ساتھ بالخصوص کراچی، لاہور میں جاری سلوک قابل افسوس ہے، پشتونوں کی تجارتی مراکز، مارکیٹوں پر کسٹم، ایکسائز، فورسز سمیت مختلف اداروں کے چھاپے ان کے مال کو ضبط کرنا، کرورڑوں روپے کے نقصانات سے دوچار کرنے کے اقدامات کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت سے عوام کے ہر مسئلے پر احتجاج کریگی اور احتجاج کے لیے ہمیں اپنے صفوں کو منظم کرنا ہوگا، بنیادی ابتدائی یونٹ میں عوام کے مسائل کو زیر غور لاکر اس کے حل کے لیے حکمت عملی طے کرنی ہوگی کیونکہ ابتدائی یونٹ کی فعالیت اور ڈسپلن پر عملدرآمد سے ہی تنظیم مضبوط اور منظم ہوگی۔
بدترین مہنگائی اور سخت ترین بیروزگاری کی ذمہ دار فارم 47کی حکومت ہے، کبیر افغان

ٹیگز:
کبیر افغان
