کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سے آج یونیورسٹیوں اور کالجز کے اساتذہ پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ اور پروفیسر حضرت علی نے کی، جبکہ اس میں صوبے کی مختلف جامعات، ڈگری کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے درجنوں سینئر اساتذہ، ماہرینِ تعلیم اور نمائندگان شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کو بلوچستان سمیت ملک بھر کے تعلیمی شعبے کو درپیش سنگین مالی، انتظامی، تدریسی اور بنیادی مسائل سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ اساتذہ نمائندگان نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ تعلیم جیسے بنیادی اور قومی ترقی کے ضامن شعبے کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث جامعات، کالجز اور اسکول شدید بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔ وفد نے بتایا کہ صوبے کی جامعات کو درپیش مالی بحران انتہائی تشویشناک صورت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کی بارہ سرکاری یونیورسٹیوں کے لیے صرف آٹھ ارب روپے مختص کیے، جو ان اداروں کی ضروریات، ترقیاتی منصوبوں، اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں، تحقیقی سرگرمیوں، لیبارٹریوں، لائبریریوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے انتہائی ناکافی ہیں۔ اساتذہ کے مطابق صوبے کی جامعات کو مؤثر انداز میں چلانے، تحقیقی معیار بہتر بنانے اور تعلیمی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کے لیے کم از کم پندرہ ارب روپے سالانہ درکار ہیں۔ وفد نے مزید بتایا کہ وفاقی سطح پر بھی اعلیٰ تعلیم کا شعبہ شدید مالی عدم توجہی کا شکار ہے۔ اساتذہ کے مطابق گزشتہ نو برسوں سے، یعنی 2017 سے اب تک، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے ملک بھر کی تقریباً 280 یونیورسٹیوں کے لیے صرف 65 ارب روپے بطور ریکرنگ بجٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، جو موجودہ مہنگائی، بڑھتے ہوئے تعلیمی اخراجات، تحقیقی ضروریات اور طلبہ کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں انتہائی ناکافی ہیں۔ اس غیر مناسب فنڈنگ کے نتیجے میں جامعات شدید مالی بحران، تدریسی معیار میں تنزلی، تحقیقی سرگرمیوں میں کمی، اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور بنیادی سہولیات کے فقدان جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ اساتذہ نے صوبے بھر کے کالجز اور اسکولوں کی ابتر صورتحال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ وفد نے بتایا کہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں متعدد تعلیمی ادارے آج بھی مناسب عمارتوں، کلاس رومز، لائبریریوں، لیبارٹریوں، انٹرنیٹ، پینے کے صاف پانی، بجلی، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کئی ایسے کالجز موجود ہیں جہاں درجنوں بلکہ سینکڑوں طلبہ کے لیے صرف ایک یا دو اساتذہ دستیاب ہیں، جس کے باعث تعلیمی معیار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ وفد نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ رہائش، سفری سہولیات، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں تعلیم کی صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اساتذہ نے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث پسماندہ اضلاع میں تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ اساتذہ نے یونیورسٹیوں اور کالجز میں فیسوں کے مسلسل اور بے تحاشہ اضافے کو بھی ایک سنگین مسئلہ قرار دیا۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی فیسوں کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اسی وجہ سے جامعات میں طلبہ کی انرولمنٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جو نہ صرف تعلیمی نظام بلکہ مجموعی معاشرتی اور قومی ترقی کے لیے بھی تشویشناک صورتحال ہے۔ اساتذہ کے نمائندہ وفد نے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی اسمبلی، متعلقہ پارلیمانی کمیٹیوں، وفاقی و صوبائی حکام اور دیگر تمام متعلقہ فورمز پر تعلیمی شعبے کو درپیش ان سنگین مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں اور ان کے حل کے لیے مؤثر قانون سازی، بجٹ میں خاطر خواہ اضافے، اساتذہ کی مستقل بھرتیوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، تحقیقی فنڈز میں اضافے اور طلبہ دوست پالیسیوں کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کریں۔ اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تعلیم، اساتذہ اور طلبہ کے مسائل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی سمیت ہر متعلقہ فورم پر نہ صرف ان مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائیں گے بلکہ صوبائی و وفاقی حکومتوں، ہائر ا…
یونیورسٹیوں اور کالجز کے اساتذہ پر مشتمل نمائندہ وفد کا خوشحال خان کاکڑ سے ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

ٹیگز:
خوشحال خان کاکڑ
