سبی (ڈیلی گرین گوادر) کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور ایک اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول سبی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غریب آباد، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غریب آباد (پرائمری سیکشن) اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول عظیم خان گہرامزئی میں سولرائزیشن منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اسی طرح مڈوائفری کالج ہاسٹل کی مرمت و بحالی، پی پی ایچ آئی ریہیبلیٹیشن آفس بلڈنگ اور ادویات کے سٹور کے لیے ائیر کنڈیشنرز کی فراہمی، لونی روڈ پر دو گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کے منصوبوں کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جبکہ ٹھنڈی سڑک واٹر سپلائی لائن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اسکولوں کی سولرائزیشن محکمہ یو پی اینڈ ڈی نے مکمل کروائی، جبکہ گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب لوکل گورنمنٹ کے تحت عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح مرمت و بحالی اور ائیر کنڈیشنرز کی تنصیب کے کام محکمہ بی اینڈ آر نے سرانجام دیے۔تقریب کے دوران ونگ کمانڈرز کرنل زبیر، کرنل شہریار، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، ایگزیکٹو انجینیئر یو پی اینڈ ڈی رازق مری سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر طلباء کے بینڈ دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی جبکہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ بچوں اور بچیوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔دورے کے دوران کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر سبی نے پی پی ایچ آئی میں ادویات کے سٹور کا بھی جائزہ لیا اور ادویات کی چیکنگ کی۔ اس موقع پر ڈی ایم پی پی ایچ آئی نے ادویات کی دستیابی اور معیار کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ ضلع بھر کے بی ایچ یوز کی کارکردگی اور سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر سبی نے سکول کی طالبات سے ملاقات کی اور انہیں محنت، لگن اور وقت کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آج کا کام آج ہی مکمل کیا جائے اور کل کا سبق بھی پیشگی تیار کر کے سکول آیا جائے۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبی بلوچستان کا پہلا ضلع بن چکا ہے جہاں بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت 28 اسکیمات مکمل کی جا چکی ہیں، جن میں سے سات منصوبوں کا آج باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ یہ کامیابی ضلعی ٹیم کی مشترکہ محنت، مربوط حکمت عملی اور موثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ عوام کو تعلیم، صحت، پانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ضلع سبی کو ایک مثالی ضلع بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
تعلیم، صحت، پانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اورسبی کو ایک مثالی ضلع بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی : کرنل منیر احمد سلطان اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی

ٹیگز:
کرنل منیر احمد سلطان
