لاہور (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ قرآن مجید مکمل ضابطۂ حیات ہے اور “ہر دل تک قرآن” مہم ایک مؤثر روحانی و فکری تحریک بن چکی ہے، جس کے ذریعے ہزاروں خواتین تک قرآن کا پیغام پہنچایا گیا۔ انہوں نے مدرسات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے معاشرے میں دینی شعور اور مثبت تبدیلی فروغ پا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر دورۂ تفسیر قرآن کی کامیابی پر مدرسات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد وارثی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، انیلہ محمود، نازیہ توحید، عظمی عمران، عروشہ عامر، شفق شہزاد، خالدہ شہزاد، شہناز عاصمہ، صفیہ ناصر سمیت مختلف اضلاع سے آنے والی مدرسات، قاریات اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے مدرسات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ فہمِ قرآن کی یہ جدوجہد آئندہ بھی منظم انداز میں جاری رکھی جائے گی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد وارثی کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر میں تقریباً 8000 جبکہ لاہور میں 740 مقامات پر دورۂ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جو ایک نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے آئندہ مزید منظم اور سائنسی بنیادوں پر اس کام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کا مقصد قرآن کے پیغام کو عام کرنے والی مدرسات کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی تھا، جبکہ شرکاء نے اس مشن کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قرآن مجید مکمل ضابطۂ حیات ہے اور “ہر دل تک قرآن” مہم ایک مؤثر روحانی و فکری تحریک بن چکی ہے، ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
