کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ کے لیاقت بازار میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عید کے دنوں میں کوئٹہ شہر کے ہر علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوچکے ہیں اور اس حوالے سے گزشتہ دنوں پارٹی پریس ریلیز میں جرائم کی وارداتوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں، شہریوں کو زدکوب، زخمی کرنے ان سے نقدی، موبائل موٹر سائیکل چھیننے، گاڑیوں کے چوری ہونے، گھروں، دکانوں میں ڈکیتیوں کی وارداتوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو کہ اب تک بلاخوف اور مسلسل جاری ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری پولیس پر عائد ہوتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز لیاقت بازار میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کی واردات جس میں چھت کے راستے سے ڈکیت دکان میں داخل ہوتے ہیں اور زیورات لے کر فرار ہوئے۔ اس قسم کے جرائم کی وارداتیں مسلسل جاری ہیں جس کا سدباب پولیس کی ذمہ داری ہے لیکن کوئٹہ شہر میں ہر پولیس تھانے کے احاطے میں پولیس اہلکار اس وقت خود عوام کو لوٹنے میں لگی ہوئی ہے جو کہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ عام شہریوں، مزدوروں، طلباء، نوجوانوں کو ڈبل سواری، کاغذات کے نام پر تنگ کرنا، شناختی کارڈ نہ ہونے کے بہانے کم عمر نوجوانوں کو تنگ کرنے، پولیس تھانے لیجانے، بارگینگ رشوت لینے جیسے دھندے میں مصروف ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر دیدہ دلیری اور اسلحہ کے ساتھ ہر واردات کے بعد کوئٹہ شہر کے مین شاہراہوں، بازاروں اور علاقوں میں سرعام جرائم کے ناسور دھندے میں سرگرم عمل ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیاقت بازار جیولرز کے دکان سے چوری ہونیوالے زیورات کی فوری برآمدگی اور چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کوئٹہ شہر کے تمام علاقوں میں پولیس تھانوں کے اہلکاروں کو شہریوں کے جان ومال کی تحفظ کا پابند بناتے ہوئے انہیں شہریوں کو تنگ وہراساں کرنے اور لوٹ مار کے عمل کی فوری تدارک کی جائے۔ #
عید کے دنوں میں کوئٹہ شہر کے ہر علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوچکے ہیں : پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
