کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل سرآب کا کانفرنس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری جمشید دوتانی اور ضلع اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ نے ادا کیئے۔ کانفرنس میں تحصیل سرآب کی گزشتہ سیاسی تنظیمی کارکردگی رپورٹ تحصیل اطلاعات سیکرٹری صدام اچکزئی نے پیش کی۔ جس کی مندوبین نے منظوری دی۔ نئے کابینہ کی تشکیل کے لیے الیکشن کمیشن قائم کیا گیا جس کے اجلاس کے بعد سرآب تحصیل کے نئے کابینہ کے اراکین کا اعلان کیا گیا اور کانفرنس کے مندوبین نے کابینہ کے ہر ایک رکنی کی علیحدہ علیحدہ ہاتھ اُٹھا کر منظوری دی۔ جس کے مطابق تحصیل سرآب کے صدر سید عبدالخالق آغا، جنرل سیکرٹری صدام خان اچکزئی،اطلاعات سیکرٹری عامر افغان، مالیات سیکرٹری حاجی ارسلا خان خلجی، رابطہ سیکرٹری یار محمد بریال اورملک شاکر کاسی،قیوم تاجک، خان ودان کاکڑ،مناف خان عثمانزئی، نجم کاکڑ، امان اللہ ملاخیل، نور شاہ آکا، نصیر پوپل اور جمیل اچکزئی معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے حلف لیا۔ کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری معلم سعید خان کاکڑ، ضلع معاونین جبار ہمدرد، حاجی سلیمان ترین، گلاب سلیمانخیل، تحصیل سٹی سیکرٹری منان نصرت، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زونل اطلاعات سیکرٹری عظیم افغان، سابق کونسلر روزی محمد خلجی، نعیم حقیار اور اسماعیل ملاخیل نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ شاعر ڈاکٹر خالد الہیٰ نے شعر پڑھا۔تلاوت کلام پاک کی سعادت نجیب الکوزئی نے حاصل کی۔ کانفرنس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر،ضلع آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع ایگزیکٹیوزو ضلع کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے منتخب کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئی کابینہ ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہوکرقومی، عوامی خدمت، جمہوری اقدار، شفافیت اور اجتماعی مفاد کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی اور پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمودخان اچکزئی کی قیادت میں جاری جدوجہد میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
مقررین نے کہا کہ 2دسمبر کو خان شہید عبداؒلصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کی کارکن بھرپور تیاری کریں اور ہم تمام عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پشتونخوا وطن اور برصغیر پاک وہند کے قافلے کے عظیم سالار پارٹی کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو ان کی لازوال جدوجہد وقربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 2دسمبر کو کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام میں بھرپور انداز میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
مقررین نے کہا کہ آج تحصیل سرآب کانفرنس ایسے حالات میں منعقد کی جارہی ہے کہ ملک میں آئین وجمہوریت پائمال ہے اور عوام ہر شعبہ زندگی میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی قومی سیاسی، آئینی اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ ملک میں جمہورکی حکمرانی، متفقہ آئین کی بحالی وبالادستی، قانون کی حکمرانی، پارلیمان کی خودمختاری، تمام ریاستی اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا پابند بنانے، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور یہی راہ ملک کے ہمہ جہت بحرانوں سے نجات کی راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا اور بالخصوص کوئٹہ کے شہری آج بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، بجلی وگیس کی عدم فراہمی، پینے کے صاف پانی کی قلت، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ٹریفک کا بے ہنگم نظام، صفائی کی ناقص صورتحال، نکاسی آب کے مسائل، بے روزگاری، مہنگائی اور صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔اور ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر، مستقل اور عملی اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر امن وامان کی ابترصورتحال نے شہریوں کو جان ومال کے سنگین مسئلے سے دوچار کر رکھا ہے۔ کوئٹہ اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا، چوری، ڈکیتی اور عدم تحفظ کے واقعات عوام میں خوف و بے چینی پیدا کر رہے ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔
آخر میں ہم نومنتخب کابینہ کے لیے ایک بار پھر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پارٹی آئین ومنشور،نظم وضبط کے تحت اپنے تنظیمی سیاسی کارکردگی اور جدوجہد کو آگے بڑھائیں اور تحصیل سرآب میں ایک بہترین تنظیم بنائیں گے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی آئین، جمہوریت اور قومی برابری کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے، سید شراف آغا

ٹیگز:
سید شراف آغا
