کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر اور ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشیداحمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد نورزئی، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملاخیل اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کسٹم حکام کی جانب سے رات کی تاریکی میں تاجروں کے گوداموں پر چھاپے مارنا ناروا غیر منصفانہ اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ بلوچستان کے تاجر پہلے ہی معاشی مشکلات، مہنگائی اور کاروباری جمود کا شکار ہیں مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات میں دھکیل رہی ہے انہوں نے کہاکہ حکومتی اداروں کی جانب سے اس طرح کے اقدامات سے تاجروں میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ کاروباری مراکز پر رات کے وقت چھاپے مارنا نہ صرف تاجر برادری کی تذلیل ہے بلکہ اس سے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ حکومت کی تاجر دشمن پالیسی دراصل معیشت دشمن پالیسی ہے جس کے اثرات صرف تاجروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے مزدور، دکاندار اور عام صارفین بھی بری طرح متاثر ہوں گے انہوں نے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ گوداموں سے ضبط کیا جانے والا سامان بعد ازاں بازاروں میں فروخت ہوتا نظر آتا ہے جس سے بدعنوانی اور لوٹ مار کے شکوک و شبہات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ اس سارے عمل میں شفافیت اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس کا فقدان ہے جس کے باعث عوام کے ذہنوں میں سوالات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی غیر قانونی کاروبار کی روک تھام مقصود ہے تو اس کے لیے شفاف، قانونی اور باقاعدہ طریقہ کار اختیار کیا جائے نہ کہ رات کی تاریکی میں چھاپوں کے ذریعے تاجروں کو ہراساں کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اہلکار عوام کی خدمت کے لیے مقرر کیے جاتے ہیں نہ کہ انہیں بھیڑیوں کی طرح نوچنے اور لوٹنے کے لیے۔ اگر یہی طرزِ عمل جاری رہا تو اس سے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید کمزور ہو جائے گا۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے خلاف اس قسم کی ظالمانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے
کسٹم حکام کی جانب سے رات کے وقت تاجروں کے گوداموں پر چھاپے مارنا ناروا، غیر منصفانہ اور قابلِ مذمت اقدام ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبدالرحمن رفیق
