لاہور (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے جامعہ ام الکتاب کا دورہ کیا , انہوں نے ادارے کی ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کے عظیم مذہبی رہنما اور عالمِ اسلام کی ممتاز شخصیت آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای عالمِ اسلام کی ایک بلند پایہ فکری و روحانی شخصیت تھے جنہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، استقامت اور بیداری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم لیڈر نے ظلم و استبداد کے خلاف ڈٹ کر آواز بلند کی اور امتِ مسلمہ کو خودداری، حریتِ فکر اور دینی تشخص کے تحفظ کا پیغام دیا۔انہوں نے مزید کہا کہآیت اللہ علی خامنہ ای کی زندگی امتِ مسلمہ کے لیے حوصلے، استقامت اور فکری رہنمائی کا روشن باب ہے۔ انہوں نے اپنی قیادت اور بصیرت سے نہ صرف ایران بلکہ پوری امت کو ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور حق کے پرچم کو بلند رکھنے کا حوصلہ دیا۔ اللہ پاک ان کی شہادت کو اسلام کی فتح کا پیش خیمہ بنا دے -ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ ان کی شہادت عالمِ اسلام کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ ہم ان کے اہلِ خانہ، ایرانی عوام اور پوری امتِ مسلمہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور امت کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔انہوں نے کہا کہ ایسے عظیم رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتی ہے۔جامعہ ام الکتاب کی پرنسپل نے ڈاکٹر حمیرا طارق اور ثمینہ سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو ایسے رہنماؤں کی فکر اور جدوجہد کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ امت میں اتحاد، شعور اور بیداری پیدا ہو۔اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور عالمِ اسلام کے اتحاد و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی امتِ مسلمہ کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں: ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
