اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) اور موبائل ایپلیکیشن کی باوقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین تھے وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد،ممبر پنجاب اسمبلی محسن ایوب ،میڈیا نمائندگان ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام و ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج کا دن ادارہ جاتی اصلاحات اور صنعتی مزدوروں کی فلاح کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے جرات مندانہ اور انقلابی اقدامات کے ذریعے مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہم سیاست سے بالا تر ہو کر تمام پارٹیوں کے لوگوں کے مسائل حل کر رہے ہیں وفاقی وزیر نے محمد شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا اور قومی اداروں کی مضبوطی کو ملک کی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موبائل ایپلیکیشن اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مزدور اب گھر بیٹھے اپنے کلیمز جمع کروا سکیں گے۔ اس اقدام سے شفافیت، رفتار اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ دفتری مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی جدید طرزِ حکمرانی اور گڈ گورننس کا عملی نمونہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اداروں کو مثالی اور منافع بخش بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ اصلاحات پائیدار بنیادوں پر استوار رہیں۔سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی مرتبہ مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کے لیے باقاعدہ نوکریوں کے کوٹے مختص کیے جا رہے ہیں، جس سے ہنرمند نوجوانوں کے لیے عالمی منڈیوں کے دروازے کھل رہے ہیں اور زرِ مبادلہ میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور پاکستانیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بیرونی ممالک کے وزراء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی قیادت میں شفافیت پر مبنی یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے اور ادارہ اصلاحات اور بہتری کے سفر کو جاری رکھے گا۔تقریب کے دوران وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے لکی سیمنٹ فیکٹری کے ورکر کے بچے کو 10 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔ آخر میں معزز مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور دیگر ڈائریکٹرز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ ٹیکنالوجی کو عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لاتے ہوئے صنعتی مزدوروں کی فلاح، اداروں کی مضبوطی اور پاکستان کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے جرات مندانہ اور انقلابی اقدامات کے ذریعے مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے ` چوہدری سالک حسین

ٹیگز:
سالک حسین
