کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل سے مختلف شہری نمائندوں پر مشتمل وفود نے ملاقات کی۔ وفود نے صوبائی مشیر کو درپیش مسائل سے اگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں. ملاقات میں مجموعی ماحولیاتی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی مشیر نے وفود کی جانب سے پیش کیے گیے مسائل کے حل کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی اور تجاویز کا خیر مقدم کیا اس موقع پر صوبائی مشیر نے کہا کہ اگرچہ بلوچستان کو ماضی میں خشک سالی اور کم بارشوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم امسال صوبے کے مختلف علاقوں میں اچھی بارشیں ہوئی ہیں جو خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے نہ صرف زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری کی توقع ہے بلکہ زرعی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں پانی کے وسائل کے مؤثر اور محتاط استعمال کی ضرورت بدستور برقرار ہے۔ صوبائی مشیر نے بتایا کہ صوبے میں ماحول دوست پالیسی سازی کو فروغ دیاجارہا ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور موسمیاتی خطرات سے نمٹا جا سکیانہوں نے وفود کو آگاہ کیا کہ صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مرحلہ وار پابندی نافذ کی جا رہی ہے تاکہ آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ اسی طرح اسپتالوں کے فضلات کو محفوظ اور جدید طریقوں سے ٹھکانے لگانے کے لیے انتظامات بہتر بنائے جا رہے ہیں اور میڈیکل ویسٹ کی تلفی کے لیے انسینیریشن یونٹس کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ انسانی صحت اور ماحول دونوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فضلے کی علیحدگی، ری سائیکلنگ اور ڈمپنگ سائٹس کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات جاری ہیں شجرکاری مہمات کو بھی تیز کیا گیا ہے تاکہ حالیہ بارشوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جا سکیں اور موجودہ درختوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے نسیم الرحمان خان نے زور دیا کہ حکومت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام اور سماجی تنظیموں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست عادات اپنائیں، پانی کا ضیاع نہ کریں، پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں اورشجرکاری مہمات میں بھرپور حصہ لیں تاکہ بلوچستان کو ماحولیاتی بگاڑ اور موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
بلوچستان کو ماضی میں خشک سالی اور کم بارشوں جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم امسال صوبے کے مختلف علاقوں میں اچھی بارشیں ہوئی ہیں، نسیم الرحمن خا ن ملاخیل

ٹیگز:
نسیم الرحمن
