کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سریاب روڈ پر واقع کلی شاہوانی شدید بنیادی مسائل کا سامنا کر رہا ہے گورنمنٹ نواب اکبر بگٹی بوائز ہائی اسکول کے بالمقابل واقع یہ آبادی جدید دور میں بھی گیس، بجلی، صاف پینے کے پانی اور سیوریج جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔علاقے میں سرکاری بجلی کا باقاعدہ نظام نہ ہونے کے باعث مکین اپنی مدد آپ کے تحت دور دراز علاقوں سے مہنگی اور لمبی کیبلز خرید کر بجلی کنکشن لینے پر مجبور ہیں، جو سڑک پر پڑی ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی زد میں آ کر بار بار کٹ جاتی ہیں، جس سے نہ صرف مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ جان کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔سڑک اور سیوریج کے ناقص یا غیر موجود نظام کے باعث علاقے کی گلیاں کیچڑ اور گندگی کا منظر پیش کرتی ہیں، جس کی وجہ سے نمازیوں، خواتین اور بزرگوں کو گھروں سے باہر نکلنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ بارش کے دنوں میں حالات مزید ابتر ہو جاتے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کلی شاہوانی کو فوری طور پر گیس، بجلی، صاف پانی، سڑک اور سیوریج جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
سریاب روڈ کلی شاہوانی بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام شدید مشکلات کا شکار

ٹیگز:
سریاب روڈ
