تربت(ڈیلی گرین گوادر)آئی جی ایف سی بلوچستان(ساوتھ) نے مکران ڈویژن کے ہیڈکوارٹر تربت کا دورہ کیا، جہاں بروز جمعرات شہر کی معروف اور تاریخی بک شاپ پاک نیوز ایجنسی کے منتظمین کی جانب سے ایک سرکل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں صدر انجمن تاجران تربت، صدر انجمن تاجران مکران اتحاد، صدر تربت پریس کلب اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران تربت شہر کو درپیش مختلف عوامی مسائل پر تفصیلی اور سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان(ساوتھ) نے عوامی سہولت اور امن و امان کے قیام کے لیے ایف سی کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اجلاس کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) کو قرآنِ کریم کی تفسیر کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔بعد ازاں آئی جی ایف سی بلوچستان(ساوتھ) نے تربت بازار اور شہر کی معروف و مصروف تجارتی جگہ گل رنگ مارکیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دکانداروں اور شہریوں نے انہیں اپنے درمیان پا کر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور سیکیورٹی کے قیام سے لے کر عوامی خدمت تک ایف سی بلوچستان(ساوتھ) کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ دورے کے دوران مین چوک اور اطراف میں ایف سی اہلکار سیکیورٹی کے لیے الرٹ کھڑے رہے۔
آئی جی ایف سی بلوچستان(ساوتھ) کا تربت بازار کا دورہ، عوامی مسائل پر سرکل میٹنگ

ٹیگز:
آئی جی ایف
